ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ٹائمز اسکوائر میں خاتون کا چاقو سے حملہ، ایک ہلاک؛ پولیس کی گولی سے حملہ آور بھی ہلاک

ٹائمز اسکوائر میں خاتون کا چاقو سے حملہ، ایک ہلاک؛ پولیس کی گولی سے حملہ آور بھی ہلاک

Tue, 01 Sep 2026 11:28:01    S O News

نیویارک ،یکم ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)نیویارک کے ’ٹائمز اسکوائر‘ سے ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے۔ ایک خاتون نے 2 لوگوں پر چاقو سے حملہ کر دیا، جس کی وجہ سے دونوں شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً جائے وقوع پر پہنچی۔ پولیس نے خاتون کو کافی دیر تک سمجھانے کی کوشش کی، لیکن جب خاتون پولیس پر بھی حملہ کرنے کے لیے دوڑی تو اسے گولی مار دی گئی۔ گولی لگنے کے باعث حملہ آور خاتون کی موت ہو گئی۔

ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ پر پولیس ذرائع کے حوالے سے شائع خبر کے مطابق حملہ کرنے والی خاتوں ذہنی طور پر ٹھیک نہیں لگ رہی تھی، وہ کافی پریشان تھی۔ خاتون ہاتھ میں چاقو لے کر ’ٹائمز اسکوائر‘ پر کھڑے لوگوں کو دھمکی دے رہی تھی۔ اس کے بعد اس نے 2 افراد کو زخمی کر دیا، جس میں ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہیں۔ پولیس نے خاتون کو کافی سمجھانے کی کوشش کی، لیکن وہ سمجھنے کو تیار نہیں تھی۔ اس نے چاقو لے کر پولیس پر حملہ کرنے کی کوشش کی، جس پر اسے گولی مار دی گئی۔ گولی لگنے کے بعد اسے اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی موت ہو گئی۔

’سی این این کی رپورٹ کے مطابق خاتون نے محض 20 سیکنڈ کے اندر 2 افراد کو چاقو سے زخمی کر دیا۔ اس نے جس خاتون پر حملہ کیا اس کی اسپتال میں موت ہو گئی۔ این وائی پی ڈی کمشنر جیسیکا ٹش کے مطابق یہ بغیر کسی اکساوے کے کیا گیا ایک رینڈم حملہ معلوم ہوتا ہے۔ میئر ظہران ممدانی نے بتایا کہ دونوں متاثرہ اور حملہ آور کو بیلویو اسپتال لے جایا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ یہ واقعہ سیونتھ ایونیو میں دنیا کے سب سے زیادہ مصروف پیدل چلنے والے علاقوں میں سے ایک میں پیش آیا۔ کمشنر جیسیکا ٹش کے مطابق اس وقت وہاں پر ہزاروں مسافر، خاندان اور سیاح موجود تھے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے 49 سالہ پامیلہ سسنیرس سے تقریباً 4 منٹ تک بات چیت کی اور اسے چاقو پھینکنے کے لیے کہا لیکن وہ بات نہیں مانی۔ پولیس نے پہلے الیکٹرک گن کا استعمال کیا، لیکن جب وہ بے اثر رہی تب گولی ماری گئی۔


Share: