ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں زیر علاج ملزم نے کر لی خود کشی

اڈپی ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں زیر علاج ملزم نے کر لی خود کشی

Sat, 31 Oct 2026 11:44:19    S O News
udupi-man dies

اڈپی،31/ اکتوبر (ایس او نیوز)  اڈپی کے اجرکاڈ ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں زیرِ علاج ایک 28 سالہ نوجوان نے پھانسی کا پھندا لگا کر خود کشی کرلی ۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق متوفی کی شناخت پردیپ پوجاری (28 سال) کے طور پر ہوئی ہے، جو پیرڈور کا رہائشی تھا، اور مبینہ طور پر ایک حملے میں زخمی ہونے کے بعد اسے علاج کے لئے وہاں داخل کیا گیا تھا ۔

بتایا جاتا ہے کہ پاڈیگار کی ایک نوجوان خاتون کی جانب سے ہراساں کرنے کے الزامات کے بعد پردیپ کے خلاف ویمن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے اسے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا ۔

جیل سے رہائی کے بعد  پردیپ مبینہ طور پر ہیریاڈکا پولیس اسٹیشن پہنچا اور دعویٰ کیا کہ مذکورہ خاتون کے اہل خانہ اور رشتہ داروں نے اس پر حملہ کیا ہے ۔ اس نے مبینہ حملے کے حوالے سے شکایت درج کرانے کی کوشش کی، لیکن شکایت درج نہیں کی گئی ۔

اس مبینہ حملے میں زخمی ہونے والے پردیپ کو علاج کے لیے اجرکاڈ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ۔ اسی دوران اس نے ہسپتال کے بیت الخلا کے قریب ایک کمرے میں کھڑکی کی گرل سے رسی باندھ کر مبینہ طور پر خودکشی کر لی ۔

واقعے کے بعد پولیس اہلکاروں نے ہسپتال کا دورہ اور معائنہ کیا ۔ اڈپی ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹرز بھرتش اور مہیش پرساد نے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ ضروری قانونی کارروائی شروع کی ۔

لاش کو منی پال کے کستوربا میڈیکل کالج ہسپتال کے پوسٹ مارٹم سینٹر منتقل کر دیا گیا ۔  واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔


Share: