بنگلورو ، 31/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) اتراکھنڈ کے ضلع چمولی میں جوشی مٹھ کے قریب جمعہ کے روز ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت اس میں سوار تمام چھ افراد ہلاک ہوگئے۔ مہلوکین میں بنگلورو سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد بھی شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ٹرانس بھارت کمپنی کا ہیلی کاپٹر، جس کا رجسٹریشن نمبر VT-HCX بتایا گیا ہے، بدریناتھ سے دہرہ دون جا رہا تھا۔ دوپہر تقریباً 2 بج کر 20 منٹ پر جوشی مٹھ کے قریب چائے گاؤں کے مقام پر ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے میں پائلٹ کیپٹن ہمانشو اور بنگلورو کے رہائشی پرتاپ، سی سی بی انسپکٹر ارون، شنکر گوڑا، کے سدھیر اور ناگراجو جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اتراکھنڈ کے وزیرِ اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ چائے گاؤں کے قریب ہیلی کاپٹر گرنے کی اطلاع ملتے ہی ضلع انتظامیہ، محکمہ آفاتِ سماوی، ایس ڈی آر ایف اور آئی ٹی بی پی کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر امدادی کارروائی شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی پورے واقعے کی نگرانی کر رہے ہیں۔