اڈپی، 29/ اکتوبر (ایس او نیوز) مکان کے کرائے کی ایڈوانس رقم کی واپسی پر تنازعہ کے بعد ایک کرایہ دار اپنے مکان مالک پر مبینہ طور پر تیزاب پھینکنے اور اسے دھار دار ہتھیار سے نشانہ بنانے کی کوشش کی ۔
پولیس کے پاس درج کی گئی شکایت کے مطابق اڈپی کے گاؤں شِوالی کے رہائشی نوین کمار (58 سال) ریلوے اسٹیشن روڈ پر کالکورا بلڈنگ کے قریب ایک دکان کے مالک ہیں ۔ سریش آچاریہ جو وشنو مورتی نگر میں نوین کے مکان کی پہلی منزل پر کرایہ دار تھا، حال ہی میں وہاں سے گھر خالی کرکے چلا گیا تھا ۔ کرایہ دار نے 20,000 روپے کی ایڈوانس رقم جمع کرائی تھی ۔
جب کرایہ دار کے جانے کے بعد نوین نے مکان کا معائنہ کیا تو انہیں دیواروں اور نلکوں کو نقصان پہنچا ہوا ملا ۔ انہوں نے سریش کو بتایا کہ دو ماہ کا کرایہ اور مرمت کے اخراجات ایڈوانس رقم سے کاٹ لیے جائیں گے ۔ لیکن سریش نے مبینہ طور پر کٹوتی کو قبول کرنے سے انکار کر دیا اور پورے 20,000 روپے کا مطالبہ کیا ۔ اسی کے ساتھ اس نے دھمکی دی کہ اگر ایسا نہ ہوا تو وہ معاملہ یوں ہی نہیں چھوڑے گا ۔
بتایا جاتا ہے کہ 23 اکتوبر کو سریش نے نوین کی دکان پر جا کر انہیں دھمکیاں بھی دی تھیں ۔ پھر 28 اکتوبرکو سہ پہر تقریباً 3:30 بجے جب نوین ریلوے اسٹیشن روڈ پر کالکورا بلڈنگ کے قریب اپنی دکان پر کام کر رہے تھے، تو سریش وہاں پہنچا اور اپنی ڈپازٹ رقم کے معاملے پر ان سے اونچی آواز میں بحث کرنے لگا۔ اسی دوران سریش باہر گیا اور اپنے اسکوٹر سے تیزاب کی ایک بوتل اور ایک بڑا دھار دار ہتھیار نکالا ۔ پھر اس نے مبینہ طور پر نوین پر تیزاب پھینک کر انہیں جلانے اور پھر ہتھیار سے وار کر کے ہلاک کرنے کی دھمکی دی۔
شکایت کے مطابق، سریش نے نوین کو جان سے مارنے کی نیت سے ان پر تیزاب پھینکا اور پھر دھار دار ہتھیار سے حملہ کرنے کی کوشش کی ۔ نوین کسی طرح چھپ کر حملے سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے ۔ البتہ تیزاب لگنے سے ان کا دایاں ہاتھ ، کمر، پیٹ، پاؤں، چہرہ اور بایاں ہاتھ جھلس گئے ۔
نوین کی شکایت کی بنیاد پر اڈپی سٹی پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ تفتیش جاری ہے ۔