دبئی ، 29 اگست (ایس او نیوز) تھمبے گروپ کے میڈیا اور اشاعتی شعبے تھمبے میڈیا نے خلیجی خطے کے تیزی سے تبدیل ہوتے تعلیمی شعبے پر مرکوز نئے پرنٹ اور ڈیجیٹل میگزین ’گلف ایجوکیشن‘ کا آغاز کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی کے اشاعتی پورٹ فولیو میں پانچ عنوانات شامل ہوگئے ہیں، جن میں صحت، تعلیم، طرز زندگی، پالتو جانوروں اور ویٹرنری کیئر کے علاوہ کھانے اور مہمان نوازی کے شعبے شامل ہیں۔
’گلف ایجوکیشن‘ ایسے وقت میں شروع کیا گیا ہے جب خلیجی ممالک میں تعلیم کا شعبہ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، تدریس کے نئے طریقوں، بدلتی ہوئی افرادی قوت کی ضروریات اور تعلیمی بنیادی ڈھانچے میں بڑھتی سرمایہ کاری کے باعث تیزی سے تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہا ہے۔
میگزین کو خلیج کے تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد اور اداروں کے لیے ایک نئے پلیٹ فارم کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ اس میں اسکولوں، یونیورسٹیوں، نرسریوں، اساتذہ، طلبہ، والدین، تعلیمی ماہرین اور پالیسی سازوں سے متعلق موضوعات شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ کلاس روم میں جدت، مستقبل کی مہارتیں، اعلیٰ تعلیم، ٹیکنالوجی، طلبہ کی زندگی اور عالمی تعلیمی پیش رفت بھی میگزین کی نمایاں ترجیحات میں شامل ہیں۔
تھمبے گروپ کے بانی اور صدر ڈاکٹر تھمبے محی الدین نے کہا کہ خلیجی خطے کا تعلیمی شعبہ دنیا کے سب سے متحرک اور بلند عزائم رکھنے والے شعبوں میں شامل ہے، اس لیے ایک ایسے نئے پلیٹ فارم کی ضرورت محسوس کی گئی جو تعلیم کے میدان میں ہونے والی اہم پیش رفت، خیالات اور تجربات کو ایک جگہ پیش کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ’گلف ایجوکیشن‘ کو اساتذہ، طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں کے لیے معلوماتی، مستقبل پر مرکوز اور مفید پلیٹ فارم بنانے کا مقصد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تھمبے میڈیا نے ایک صحت سے متعلق اشاعت سے اپنا سفر شروع کیا تھا اور اب تیزی سے ایک وسیع میڈیا کمپنی کی شکل اختیار کررہا ہے۔ ’گلف ایجوکیشن‘ کا آغاز اہم شعبوں اور کمیونٹیز کے لیے مخصوص اشاعتیں تیار کرنے کے عزم کا حصہ ہے۔
تھمبے میڈیا کے موجودہ اور آئندہ اشاعتی پورٹ فولیو میں ’ہیلتھ میگزین‘ شامل ہے، جو دو دہائیوں سے زائد عرصے سے متحدہ عرب امارات میں صحت سے متعلق اشاعت کے طور پر کام کررہا ہے۔ اس کے علاوہ ’لیونگ گلف‘ ایک پریمیم لائف اسٹائل اور انفلوئنسر میگزین ہے، جبکہ ’گلف ایجوکیشن‘ تعلیم کے شعبے کے لیے مخصوص پلیٹ فارم ہے۔ کمپنی جلد ہی ’گلف پیٹس اینڈ ویٹس‘ اور ’گلف کلینری اینڈ ہاسپیٹیلٹی‘بھی شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
’گلف ایجوکیشن‘ میں روایتی تعلیمی خبروں کے علاوہ مستقبل میں تعلیم اور روزگار کو متاثر کرنے والے رجحانات پر بھی توجہ دی جائے گی۔ اس کی ادارتی تقسیم میں ’کلاس روم‘ کے تحت تدریس و تعلیم، ’ہوم‘ میں خاندان، والدین اور طلبہ کی فلاح و بہبود، ’فیوچر‘ میں 2030 اور اس کے بعد کی مہارتوں و کیریئر، ’کیمپس‘ میں یونیورسٹیوں اور اعلیٰ تعلیم جبکہ ’ورلڈ‘میں عالمی تعلیمی پیش رفت کو خلیجی تناظر میں پیش کیا جائے گا۔
میگزین پرنٹ اور ڈیجیٹل دونوں پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگا، جبکہ اس کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے بھی تعلیمی مواد قارئین تک پہنچایا جائے گا۔
تھمبے میڈیا کے مطابق ’گلف ایجوکیشن‘ کا آغاز خلیج میں ایک متنوع میڈیا اور اشاعتی کاروبار قائم کرنے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے۔ کمپنی میگزینز کے علاوہ برانڈنگ، امیج پروموشن، تعلقات عامہ، سوشل میڈیا حکمت عملی، تقریبات، گریجویشن پروگرامز اور ایوارڈز سمیت مختلف میڈیا اور تشہیری خدمات بھی فراہم کرتی ہے۔
تھمبے میڈیا، تھمبے گروپ کا میڈیا اور اشاعتی شعبہ ہے اور اسے اشاعت کے میدان میں دو دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ اس کا موجودہ پورٹ فولیو صحت، طرز زندگی، تعلیم اور مختلف خصوصی صارفین و صنعتی شعبوں پر مشتمل ہے۔