ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ایف ایس ایس اے آئی کی جانچ میں ہینگ ناقص ثابت، ایوریسٹ سمیت دو برانڈز پر پابندی

ایف ایس ایس اے آئی کی جانچ میں ہینگ ناقص ثابت، ایوریسٹ سمیت دو برانڈز پر پابندی

Sat, 29 Aug 2026 19:24:11    S O News

نئی دہلی ، 29/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) ایف ایس ایس اے آئی یعنی ’فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈس اتھارٹی آف انڈیا‘ نے 2 بڑے مصالحہ برانڈز ’ایوریسٹ‘ اور ’لال جی گودھو‘ کی کمپاؤنڈڈ ہینگ کی فروخت پر روک لگانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ دونوں کمپنیوں کی ہینگ کے نمونے جانچ میں مقررہ معیارات سے کم پائے جانے کے بعد لیا گیا ہے۔ ایجنسی نے واضح کیا ہے کہ یہ پابندی صرف ہینگ کی مصنوعات پر نافذ ہے اور ان کمپنیوں کے انڈا کری مصالحہ، چکن کری مصالحہ یا گرم مصالحہ جیسی دیگر مصنوعات پر کوئی روک نہیں ہے۔ یہ جانچ ایک صارف کی شکایت کے بعد شروع ہوئی تھی، جس کے بعد پورے بازار میں موجود ہینگ کے برانڈز کی جانچ کی گئی۔

اس معاملے کی شروعات اس وقت ہوئی جب ایک صارف نے کسی مخصوص برانڈ کی ہینگ کے معیار کو لے کر شکایت درج کرائی۔ اس کے بعد ایف ایس ایس اے آئی نے بازار میں موجود تمام بڑے ہینگ برانڈز کی جانچ شروع کی۔ ابتدائی لیب رپورٹ میں سامنے آیا کہ ایوریسٹ اور لال جی گودھو، دونوں کمپنیوں کی کمپاؤنڈیڈ ہینگ مقررہ معیارات پر پوری نہیں اتری۔ اس کے بعد ممبئی میں واقع ان دونوں کمپنیوں کی مرکزی لائسنس یافتہ یونٹس سے نمونے لیے گئے اور جانچ کے لیے بھیجے گئے۔ یہی نہیں، گجرات کے امبرگاؤں میں ایوریسٹ کی ایک اور یونٹ پر گجرات کے ریاستی محکمۂ خوراک کے ساتھ مل کر نمونے لیے گئے۔ جانچ میں تمام نمونے ناقص معیار کے پائے گئے۔

ضابطے کے مطابق کمپاؤنڈیڈ ہینگ بنانے کے لیے اصلی ہینگ کو گوند، نشاستے اور آٹے کے ساتھ ملایا جاتا ہے، لیکن اس میں کم از کم 5 فیصد الکحل سولیوبل ایکسٹریکٹ ہونا ضروری ہے۔ جانچ میں پایا گیا کہ ان کمپنیوں کی مصنوعات میں یہ مقدار صرف 0 سے 3 فیصد تھی، یعنی اصلی ہینگ مقررہ مقدار سے تقریباً 30 سے 40 فیصد کم ملائی جا رہی تھی۔ اس کے علاوہ لال جی گودھو کی یونٹ سے لیے گئے اصلی ہینگ کی 6 اقسام کی بھی جانچ کی گئی۔ قواعد کے مطابق اصلی ہینگ میں نشاستے کی مقدار ایک فیصد سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے، لیکن جانچ میں ان 6 اقسام میں نشاستے کی مقدار 15 سے 32 فیصد تک پائی گئی، جو مقررہ حد سے کہیں زیادہ ہے۔

ان سنگین بے ضابطگیوں کو دیکھتے ہوئے ایف ایس ایس اے آئی نے دونوں کمپنیوں پر فروخت کی پابندی کا حکم جاری کیا ہے۔ پورے ملک میں ایوریسٹ اور لال جی گودھو کی ہینگ پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ یہ قدم صارفین کی صحت کے تحفظ کے لیے ایک احتیاطی کارروائی ہے۔ ساتھ ہی دونوں کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ یہ بتائیں کہ وہ کس طرح اپنی غلطی کو درست کریں گی اور آئندہ معیارات کے مطابق ہی ہینگ تیار کریں گی۔ کمپنیوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بازار میں موجود ناقص ہینگ کو خود ہی واپس منگوا لیں۔


Share: