ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف یوتھ کانگریس کی سائیکل ریلی، دھرمیندر پردھان سے استعفے کا مطالبہ

امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف یوتھ کانگریس کی سائیکل ریلی، دھرمیندر پردھان سے استعفے کا مطالبہ

Mon, 13 Jul 2026 12:17:20    S O News
امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف یوتھ کانگریس کی سائیکل ریلی، دھرمیندر پردھان سے استعفے کا مطالبہ

بنگلورو، 13 /جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) کرناٹک پردیش یوتھ کانگریس کمیٹی کی جانب سے طلبہ کی مہم "چھاترون کی گونج (طلبہ کی آواز)" کے تحت اتوار کو بنگلورو میں ایک بڑی سائیکل ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے ذریعے امتحانی پرچوں کے مبینہ افشا، امتحانی بے ضابطگیوں اور طلبہ کی خودکشیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔

ریلی کی قیادت کرناٹک پردیش یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر ایچ۔ ایس۔ منجوناتھ نے کی۔ یہ ریلی کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر سے شروع ہوکر کے۔ آر۔ سرکل کے راستے گاندھی مجسمہ تک پہنچی۔ اس دوران سینکڑوں طلبہ اور نوجوانوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور "زندگی سب سے قیمتی ہے"، "خواب مرنے نہ دیں، طالب علم ہارنے نہ پائے" اور "خودکشی مسئلے کا حل نہیں" جیسے نعرے لگاتے ہوئے عوام میں بیداری پیدا کی۔

اس موقع پر کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر بی۔ کے۔ ہری پرساد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیٹ امتحان کے پرچہ افشا ہونے کے بعد متعدد طلبہ ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے اور کئی طلبہ نے خودکشی کر لی، جبکہ کروڑوں طلبہ کا مستقبل غیر یقینی صورتِ حال سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ میں دوبارہ اعتماد پیدا کرنے اور انہیں حوصلہ دینے کے مقصد سے راہل گاندھی نے کوٹا میں "چھاترون کی گونج" مہم کا آغاز کیا تھا، جس کے تسلسل میں بنگلورو میں یہ سائیکل ریلی منعقد کی گئی۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ بہتر تعلیمی نظام، شفاف امتحانات اور اپنے مستقبل کے تحفظ کے لیے جمہوری طریقے سے آواز بلند کریں اور حکومت پر اصلاحات کے لیے دباؤ ڈالیں۔

ریاستی یوتھ کانگریس کے صدر ایچ۔ ایس۔ منجوناتھ نے کہا کہ بدعنوان نظام کی خامیوں کی قیمت کسی طالب علم کو اپنی جان دے کر نہیں چکانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی مسلسل جدوجہد سے آتی ہے، خودکشی سے نہیں۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی ذہنی کیفیت کو سمجھیں اور مشکل حالات میں ان کا حوصلہ بڑھائیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ امتحانی بے ضابطگیوں کی وجہ سے اہل طلبہ کے بجائے وسائل رکھنے والے افراد کو فائدہ پہنچ رہا ہے اور جب تک امتحانی نظام میں جامع اصلاحات نہیں ہوتیں، یوتھ کانگریس کی جدوجہد جاری رہے گی۔

ریلی میں قانون ساز کونسل کے رکن ڈی۔ ٹی۔ سرینواس، قومی یوتھ کانگریس کے سکریٹری طارق باغوان، ریاستی نائب صدر چیترا، قانونی شعبے کے ریاستی صدر شری دھر جادھو سمیت یوتھ کانگریس کے متعدد عہدیداران، طلبہ اور کارکنان شریک تھے۔

یوتھ کانگریس نے اپنے مطالبات میں مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے، قومی امتحانی ادارے کے نظام کی جامع جانچ اور اصلاحات، نیز امتحانات، نتائج اور ملازمتوں کے لیے سالانہ تعلیمی کیلنڈر مرتب کرکے اس پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔


Share: