بنگلورو ، 5/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) بنگلورو میں تجاوزات سے پاک کیے گئے فٹ پاتھوں پر دوبارہ قبضے کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ گریٹر بنگلورو ڈیولپمنٹ کے وزیر کرشنا بائرے گوڈا نے ہر شہری بلدیاتی حدود میں پولیس اور بلدیاتی افسران پر مشتمل مشترکہ دستہ تشکیل دینے اور فٹ پاتھوں کی مسلسل نگرانی کے ساتھ دوبارہ تجاوزات کے خلاف مشترکہ کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
فٹ پاتھوں پر تجاوزات کے مسئلے کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ تجاوزات ہٹانے کے بعد دوبارہ اسی مقام پر قبضہ کیے جانے کے واقعات کو سنجیدگی سے لیا جائے۔ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ صرف تجاوزات ہٹانا کافی نہیں بلکہ یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ صاف کیے گئے فٹ پاتھوں پر دوبارہ قبضہ نہ ہو۔ اس مقصد کے لیے ہر شہری بلدیاتی حدود میں پولیس اور بلدیاتی افسران پر مشتمل مشترکہ دستہ قائم کیا جائے، جو صاف کیے گئے فٹ پاتھوں کا باقاعدہ اور اچانک معائنہ کرے۔ دوبارہ تجاوز نظر آنے کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے۔
وزیر نے دوبارہ تجاوزات کی فوری نشاندہی کرتے ہوئے تصاویر اور جغرافیائی محلِ وقوع کے اندراج کے ساتھ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی مارشل اور متعلقہ علاقے کے پولیس اہلکار مشترکہ طور پر باقاعدہ معائنہ کریں تاکہ فٹ پاتھوں پر دوبارہ قبضے کو ابتدا ہی میں روکا جاسکے۔
کرشنا بائرے گوڈا نے واضح کیا کہ تجاوزات ہٹانے کا دعویٰ کرنا کافی نہیں، بلکہ ہٹائے گئے مقامات کی مسلسل نگرانی بھی ضروری ہے۔ بار بار تجاوز کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں، تجاوزات کے لیے استعمال ہونے والا سامان ضبط کیا جائے اور قواعد کے مطابق زیادہ جرمانہ عائد کیا جائے۔
انہوں نے افسران کی ذمہ داریاں واضح طور پر مقرر کرنے اور کی گئی کارروائی کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کے لیے مؤثر نظام قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
وزیر نے خوانچہ فروشوں سے متعلق سڑک وار واضح فہرست تیار کرنے کی ہدایت دی کہ کن سڑکوں پر خوانچہ فروشی کی اجازت ہے اور کن سڑکوں پر پابندی یا ممانعت ہے۔ متعلقہ پولیس اور بلدیاتی افسران کو اس بارے میں باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اہم اور زیادہ ٹریفک والی سڑکوں پر پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کی آمدورفت میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہونی چاہیے۔ عوام کی آسان اور محفوظ آمدورفت کو اولین ترجیح دی جائے۔
کرشنا بائرے گوڈا نے خوانچہ فروشوں کا نیا جامع سروے جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سروے کے بعد اہلیت اور قانونی معیار کی بنیاد پر آئندہ کارروائی کی جائے۔
انہوں نے ٹاؤن وینڈنگ کمیٹیوں کی تشکیل سمیت زیرِ التوا قانونی کارروائیوں کو بھی قواعد کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر نے کہا کہ پولیس اور بلدیہ کی مشترکہ کارروائی، مشترکہ دستوں کی تشکیل، سڑک وار علاقوں کی نشاندہی، دوبارہ تجاوزات کی شناخت اور قانونی کارروائی سے متعلق چیف کمشنر کی سطح پر مشترکہ حکم نامہ یا ہدایات جاری کی جائیں۔
انہوں نے ہر افسر کی ذمہ داری اور دائرۂ کار واضح طور پر مقرر کرنے کے ساتھ دوبارہ تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی اور اس پر باقاعدہ نگرانی کا نظام قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
اجلاس میں چیف کمشنر مہیشور راؤ، شہری بلدیاتی کمشنران رمیش ڈی۔ ایس، پومّلا سنیل کمار، رمیش کے۔ این، جی۔ جگدیش اور ڈاکٹر راجندر کے۔ وی کے علاوہ پولیس افسران، ایگزیکٹیو انجینئرس اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔