بنگلورو 12 جولائی (ایس او نیوز): کرناٹک کے چیف الیکٹورل آفیسر وی۔ انبوکمار نے خصوصی جامع نظرثانی (Special Intensive Revision - SIR) کے حوالے سے ووٹروں کے خدشات دور کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر کسی ووٹر یا اس کے والدین کا نام 2002 کی انتخابی فہرست میں نہ ملے تو بھی وہ پریشان نہ ہوں، بلکہ دستیاب معلومات کے ساتھ Enumeration Form پر دستخط کرکے اپنے بوتھ لیول آفیسر (BLO) کے حوالے کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرحلے پر فارم جمع کرانا سب سے اہم ہے، جبکہ 2002 کی تفصیلات اور دیگر معلومات کی جانچ بعد میں قواعد کے مطابق کی جائے گی۔
بنگلورو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انبوکمار نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں میں بڑی تعداد میں ووٹرز نے شکایت کی کہ وہ 2002 کی انتخابی فہرست میں اپنا یا اپنے والدین کا نام تلاش نہیں کر پا رہے ہیں۔ بعض صورتوں میں ناموں کے ہجے تبدیل ہونے، انتخابی حلقہ بدل جانے یا پرانے ریکارڈ کی عدم دستیابی کے باعث یہ دشواری پیش آ رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسی صورت حال میں فارم جمع کرانے میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ مطلوبہ معلومات کی تصدیق الیکشن کمیشن بعد کے مرحلے میں کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ SIR کے موجودہ مرحلے میں کسی ووٹر سے لازمی طور پر کوئی دستاویز طلب نہیں کی جا رہی۔ فارم میں دستیاب معلومات درج کرکے دستخط کے ساتھ جمع کرانا کافی ہے۔ انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی اپنا فارم بغیر کسی اضافی دستاویز کے جمع کرایا ہے۔ اگر موجودہ تصویر پرانی ہو تو نئی تصویر دینا بہتر ہے، تاہم یہ بھی لازمی نہیں، کیونکہ ضرورت پڑنے پر BLO موبائل فون کے ذریعے نئی تصویر لے سکتا ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ جن ووٹروں کا ریکارڈ ابھی تک Mapped نہیں ہوا، انہیں بھی Enumeration Form ان کے گھر پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی ووٹر کا نام 16 جون 2026 کی انتخابی فہرست میں موجود ہے تو اسے فارم ضرور فراہم کیا جائے گا۔ ان کے مطابق اس مہم کا مقصد کسی کا نام حذف کرنا نہیں بلکہ انتخابی فہرست کو زیادہ درست، شفاف اور قابلِ اعتماد بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست میں تقریباً 5.56 کروڑ رجسٹرڈ ووٹر ہیں، جن میں سے 5.09 کروڑ سے زائد ووٹروں کی Mapping مکمل ہو چکی ہے، جبکہ باقی ووٹروں کی تصدیق جاری ہے۔ 30 جون سے شروع ہونے والی گھر گھر مہم کے دوران BLO ہر ووٹر تک فارم پہنچا رہے ہیں اور یہ مہم 29 جولائی تک جاری رہے گی۔ 5 اگست کو مسودہ ووٹر لسٹ شائع کی جائے گی، جس کے بعد دعوے اور اعتراضات وصول کیے جائیں گے، جبکہ 7 اکتوبر کو حتمی انتخابی فہرست جاری ہوگی۔
انبوکمار نے کہا کہ SIR دراصل انتخابی فہرست کی تطہیر (Purification) کا عمل ہے، جس کے ذریعے 2002 کی ووٹر لسٹ کو موجودہ ریکارڈ سے ملا کر نقل اندراج (Duplicate)، فوت شدہ، مستقل طور پر منتقل ہو جانے والے اور دیگر بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے، تاکہ انتخابی فہرست صرف حقیقی اور اہل ووٹروں پر مشتمل ہو۔ اس مقصد کے لیے ہر BLO ہر ووٹر کے گھر کم از کم تین مرتبہ جائے گا، جبکہ پنچایت اور وارڈ سطح پر سہولت مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں ووٹر 2002 کی انتخابی فہرست میں اپنا ریکارڈ تلاش کرنے اور فارم بھرنے میں مدد حاصل کر سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ اگر 2002 کی تفصیلات دستیاب نہ ہوں تو بھی فارم جمع کرانے میں تاخیر نہ کریں، کیونکہ دستخط شدہ فارم جمع ہونے کے بعد بقیہ تصدیقی عمل انتخابی حکام خود مکمل کریں گے۔ کمیشن نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ یکم اکتوبر 2026 تک 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے نوجوان فارم نمبر 6 کے ذریعے بطور نئے ووٹر اپنا اندراج کرا سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ بھٹکل میں عوام کی رہنمائی اور سہولت کے لیے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے بندر روڈ پر SIR ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے، جہاں شہریوں کو 2002 کی ووٹر لسٹ میں اپنا یا اپنے اہلِ خانہ کا نام تلاش کرنے، Enumeration Form بھرنے، یکم اکتوبر 2026 تک 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے نئے ووٹروں کے لیے فارم نمبر 6 پُر کرنے، ووٹر لسٹ میں نام کے اندراج اور SIR سے متعلق دیگر تمام ضروری رہنمائی اور خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔