بنگلورو، 8 /جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی)کرناٹک کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے منگل کی شام 6:00 بجے خصوصی انتخابی نظرِ ثانی (SIR) مہم کی تازہ پیش رفت رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 16 جون 2026 تک ریاست میں رجسٹرڈ ووٹروں کی مجموعی تعداد 5,54,32,314 ہے۔ بوتھ سطحی افسران (BLOs) کو مردم شماری فارم (Enumeration Forms) فراہم کیے جا چکے ہیں اور گھر گھر تصدیقی مہم 30 جون سے 29 جولائی 2026 تک جاری رہے گی۔
پریس نوٹ کے مطابق اب تک 4,27,82,130 فارم تقسیم کیے جا چکے ہیں، جو مجموعی ہدف کا 77.18 فیصد ہے۔ ریاست کے 17,539 پولنگ مراکز میں فارموں کی 100 فیصد تقسیم مکمل ہو چکی ہے، جبکہ 13,249پولنگ مراکز میں 90 فیصدسے زیادہ فارم تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اب تک 42,81,521 فارموں کا ڈیجیٹل اندراج مکمل کیا جا چکا ہے، جو مجموعی ہدف کا 7.72 فیصد بنتا ہے۔ صرف 2 پولنگ مراکز میں 100 فیصد ڈیجیٹل اندراج مکمل ہوا ہے، جبکہ 49 مراکز میں 90 فیصدسے زیادہ فارم ڈیجیٹلائز کیے جا چکے ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق ووٹروں نے آن لائن بھی بھرپور حصہ لیتے ہوئے 1,46,143فارم جمع کرائے ہیں، جو کل ووٹروں کا 0.26 فیصد ہے۔
نظرِ ثانی کے دوران 1,00,843 اندراجات کو مشتبہ یا دہری اندراج (ASDDO) کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے، جبکہ 1,574 ووٹر ناقابلِ رسائی یا غیر حاضر پائے گئے۔ اسی طرح 49,658 ووٹر مستقل طور پر دوسری جگہ منتقل ہو چکے ہیں، 42,120 ووٹروں کے انتقال کی تصدیق ہوئی ہے، 7,063 افراد پہلے ہی ووٹر فہرست میں موجود پائے گئے، جبکہ428معاملات دیگر زمرے میں شامل کیے گئے ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے کہا ہے کہ ضلع وار فارموں کی تقسیم اور ڈیجیٹل اندراج کی تفصیلی رپورٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔ تمام بوتھ سطحی افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ 29 جولائی 2026 تک گھر گھر سروے، فارموں کی وصولی اور ووٹر فہرست کی نظرِ ثانی کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ انتخابی فہرستوں کی درستگی اور شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔