بنگلورو، 21/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی)کرناٹک کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے پیر کی شام 6:00 بجے ووٹر فہرست کی خصوصی جامع نظرِ ثانی (SIR) سے متعلق تازہ ترین پیش رفت جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں 16 جون 2026 کی بنیاد پر رجسٹرڈ ووٹروں کی مجموعی تعداد 5,54,32,314 ہے۔ ووٹروں کے اندراجی فارم (Enumeration Forms) کی تقسیم کا عمل تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور اب تک 55,087,922 فارم تقسیم کیے جا چکے ہیں، جو مجموعی ہدف کا 99.38 فیصد ہے۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ریاست کے 54,149 پولنگ اسٹیشنوں پر فارموں کی تقسیم سو فیصد مکمل ہو چکی ہے، جبکہ 3,815 پولنگ اسٹیشنوں پر یہ شرح 90 فیصد سے زیادہ ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے مطابق گھر گھر سروے اور ووٹر معلومات کی جانچ کا عمل 30 جون سے 8 اگست 2026 تک جاری رہے گا، جبکہ موصولہ فارموں کی ڈیجیٹل اندراج کی کارروائی بھی مقررہ مدت کے دوران انجام دی جا رہی ہے۔
محکمہ نے بتایا کہ اب تک 34,010,283 فارموں کا ڈیجیٹل اندراج مکمل کیا جا چکا ہے، جو کل فارموں کا 61.35 فیصد بنتا ہے۔ اس کے علاوہ 566,800 ووٹروں نے اپنے فارم آن لائن جمع کرائے ہیں۔
نظرِ ثانی کے دوران مختلف زمروں میں ووٹروں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ جاری رپورٹ کے مطابق 3,529,441 ووٹر ایک سے زیادہ مقامات پر اندراج (ASD) کے زمرے میں نشان زد کیے گئے ہیں، 453,158 ووٹر ناقابلِ سراغ قرار دیے گئے، 2,048,942 ووٹر مستقل طور پر دوسری جگہ منتقل ہو چکے ہیں، جبکہ 814,206 ووٹروں کے انتقال کی تصدیق ہوئی ہے۔ اسی طرح 203,188 افراد پہلے ہی ووٹر فہرست میں درج پائے گئے، جبکہ دیگر معاملات کی تعداد 9,047 رہی۔
محکمہ انتخابات نے تمام ضلعی انتخابی افسران، رجسٹریشن افسران اور بوتھ سطح کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر فارموں کی سو فیصد جانچ، اندراج اور تصدیق مکمل کریں تاکہ حتمی ووٹر فہرست کو زیادہ سے زیادہ درست، شفاف اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے۔
ضلع وار پیش رفت کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں، جن میں فارموں کی تقسیم، ڈیجیٹل اندراج، انتقال کر جانے والے، مستقل طور پر منتقل ہونے والے اور ناقابلِ سراغ ووٹروں کے اعداد و شمار شامل ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے کہا ہے کہ نظرِ ثانی کا عمل انتخابی فہرست کی شفافیت اور درستگی کو یقینی بنانے کے لیے جاری رہے گا۔