ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / بنگلہ دیش میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی تباہ کاری، روہنگیا پناہ گزیں کیمپ بھی متاثر، 54 افراد ہلاک

بنگلہ دیش میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی تباہ کاری، روہنگیا پناہ گزیں کیمپ بھی متاثر، 54 افراد ہلاک

Tue, 14 Jul 2026 10:54:50    S O News

ڈھاکہ ، 14/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) بنگلہ دیش کے جنوب مشرقی حصہ میں آنے والے تباہناک سیلاب اور لینڈسلائیڈ کے باعث کم از کم 54 افراد دردناک طور پر جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس قدرتی آفت سے ساحلی ضلع کاکس بازار سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں گزشتہ ہفتہ روہنگیا پناہ گزیں کیمپوں میں لینڈسلائیڈ کے باعث بچوں سمیت کئی افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

بنگلہ دیش کی وزارت برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے 13 جولائی کو جنوب مشرقی خطہ میں مسلسل ہونے والے شدید سیلاب اور تباہناک لینڈسلائیڈ کے باعث کم از کم 54 افراد کی ہلاکت کی سرکاری طور پر تصدیق کی ہے۔ اس قدرتی آفت نے پورے علاقے میں معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے اور کئی برادریوں کا رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔

وزارت نے بتایا کہ سیلاب سے کئی علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، لیکن ساحلی ضلع کاکس بازار سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں گزشتہ ہفتہ موسلا دھار بارش کے بعد ہونے والی لینڈسلائیڈ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ روہنگیا پناہ گزیں کیمپوں میں مٹی دھنسنے کے باعث بچوں سمیت کئی افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حالات اس قدر خراب ہو چکے ہیں کہ متعدد دیہات میں اب بھی کمر تک پانی بھرا ہوا ہے۔ بعض نشیبی علاقوں میں تو سیلاب کا پانی اس قدر بڑھ گیا ہے کہ وہ لوگوں کے ٹین سے بنے گھروں کی چھتوں سے بھی اوپر پہنچ گیا ہے، جس کے باعث لوگ محفوظ مقامات کی تلاش میں دربدر بھٹک رہے ہیں۔ وزارت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق اس ہولناک سیلاب کے باعث 10 لاکھ سے زائد افراد مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں۔ سیلاب متاثرین نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے شکایت کی ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی امدادی سہولتیں انتہائی سست رفتاری سے پہنچ رہی ہیں اور ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے بالکل ناکافی ہیں۔


Share: