ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 5؍جولائی کو اسمبلی میں کمارسوامی بجٹ پیش کریں گے؛ 2؍جولائی کو ریاستی گورنر مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

5؍جولائی کو اسمبلی میں کمارسوامی بجٹ پیش کریں گے؛ 2؍جولائی کو ریاستی گورنر مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

Sat, 23 Jun 2018 10:57:56    S.O. News Service

بنگلورو،23؍جون (ایس او نیوز) ریاستی مخلوط حکومت کا پہلا اسمبلی اجلاس اگلے ماہ2جولائی سے شروع ہوگا۔ اس دن ریاستی گورنر لجس لیٹرس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ریاستی کابینہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیاہے ۔ وزیراعلیٰ کمارسوامی کی صدارت میں آج شام منعقدہ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ لجس لیٹرس کے مشترکہ اجلاس سے ریاستی گورنر کے خطاب کے ساتھ مشترکہ حکومت کے سیشن کاآغاز کیا جائے۔ ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات و پنچایت راج اور قانونی و امور پارلیمان کرشنا بائرے گوڈا نے اخبار نویسوں کو یہ اطلاع دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر اپنے خطاب میں مخلوط حکومت کے مختلف ترقیاتی اسکیموں کے علاوہ بجٹ کے نکات کا بھی احاطہ کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ فائنانس کا قلمدان رکھنے والے وزیراعلیٰ کمارسوامی5؍جولائی کو سال برائے 2018-19 کاتازہ ریاستی بجٹ پیش کریں گے ۔ یہ سیشن 12جولائی تک چلے گا۔ 

عبوری چیرمین: انہوں نے بتایا کہ ریاستی قانون ساز کونسل کے چیرمین اور ڈپٹی چیرمین عہدے خالی پڑے ہیں ۔مستقبل میں چیرمین اور ڈپٹی چیرمین کے انتخاب تک کونسل میں کارروائی چلانے کے لئے بسواراج ہورٹی کو کونسل کا عبوری چیرمین نامزد کرنے کا کابینہ نے آج فیصلہ کیا ہے۔ کونسل چیرمین ڈی ایچ شنکر مورتی کل جمعرات کے دن اس عہدہ سے سبکدوش ہوگئے تھے۔ ڈپٹی چیرمین کے لئے مری تبے گوڈاکو دوبارہ نامزد کیا گیاہے۔ اس کے علاوہ آج کابینہ اجلاس میں جو اہم فیصلے کئے گئے ہیں ان میں فصلوں کا بیمہ شروع کرنا ، بنگلور و انٹرنیشنل ایرپورٹ کی ترقی کے لئے حاصل کردہ333.50کروڑ روپے کابل سودی قرضہ ادائیگی کے لئے مزید دس سالوں کی مہلت حاصل کرنا رام نگرم میں 16.85کروڑ روپئے کی لاگت سے فرسٹ گریڈ کالج کی تعمیر کرنا شامل ہیں۔


Share: