ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں 18 اور 19 جولائی کو انڈین نوائط فورم کا مفت کارڈیک اسکریننگ کیمپ

بھٹکل میں 18 اور 19 جولائی کو انڈین نوائط فورم کا مفت کارڈیک اسکریننگ کیمپ

Wed, 08 Jul 2026 12:21:22    S O News
بھٹکل میں 18 اور 19 جولائی کو انڈین نوائط فورم کا مفت کارڈیک اسکریننگ کیمپ

بھٹکل، 8/جولائی (ایس او نیوز)انڈین نوائط فورم (INF) کی جانب سے "ون ہارٹ – ون لائف" کے عنوان سے دو روزہ مفت AI پاورڈ کارڈیک ہیلتھ چیک اپ کیمپ 18 اور 19 جولائی کو ایم ایم صدیق ہال، بندر روڈ، بھٹکل میں منعقد کیا جائے گا، جس میں کرناٹک اور کیرالہ کے معروف اسپتالوں سے تعلق رکھنے والے سینئر ماہرینِ امراضِ قلب (کارڈیالوجسٹ) عوام کو مفت مشورے، تشخیصی معائنے اور دل کی بیماریوں کی ابتدائی جانچ کی سہولت فراہم کریں گے۔

ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے "ون ہارٹ – ون لائف" مہم کے کنوینر لنکا غفران احمد نے بتایا کہ منتظمین کے مشاہدے کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران بھٹکل میں نوجوانوں اور درمیانی عمر کے افراد میں اچانک دل کا دورہ پڑنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا، "دل کی کئی بیماریاں اس وقت تک سامنے نہیں آتیں جب تک وہ جان لیوا صورت اختیار نہ کر لیں۔ اس احتیاطی اسکریننگ مہم کا مقصد ایسی پوشیدہ قلبی بیماریوں کی بروقت نشاندہی کرنا ہے تاکہ متاثرہ افراد کو وقت پر علاج میسر کیا جاسکے۔" انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں ای سی جی (ECG)، ایکو کارڈیوگرافی (ECHO)، خون کے مختلف ٹیسٹ، ماہرینِ امراضِ قلب سے مفت مشاورت، ڈیجیٹل اور میڈیکل رپورٹس  فراہم کی جائیں گی۔

منتظمین کے مطابق رجسٹریشن، اپائنٹمنٹ مینجمنٹ اور بعد از معائنہ سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے AI پر مبنی ڈیجیٹل نظام بھی استعمال کیا جائے گا۔

کیمپ میں معروف کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر علی فیضل اور ان کی ٹیم (مائی ہارٹ فاؤنڈیشن و اسٹار کیئر اسپتال، کوژیکوڈ)، ڈاکٹر سلمان صلاح الدین اور ان کی ٹیم (آسٹر میمس، کوژیکوڈ)، اور ڈاکٹر یوسف کمبلے اور ان کی ٹیم (انڈیانا ہاسپٹل اینڈ ہارٹ انسٹی ٹیوٹ، منگلورو) مریضوں کا معائنہ اور مشاورت کریں گے۔

کیمپ دو مراحل پر مشتمل ہوگا۔ 18 جولائی (ہفتہ) کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک ابتدائی طبی اسکریننگ (Physician Screening) کی جائے گی، جبکہ 19 جولائی (اتوار) کو صبح 10:30 بجے سے شام 5 بجے تک آنے والے سینئر ماہرینِ امراضِ قلب مریضوں کا تفصیلی معائنہ اور مشاورت کریں گے۔

آن لائن رجسٹریشن کا آغاز https://inf.lyff.app پر ہو چکا ہے، جہاں خواہش مند افراد رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔ خون کے ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد شرکاء اپنی اپائنٹمنٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے، جبکہ اسی پورٹل کے ذریعے کیمپ کے روز اپنا ٹوکن نمبر اور متوقع ڈاکٹر سے رجوع ہونے کا وقت بھی معلوم کیا جا سکے گا۔

منتظمین نے بتایا کہ مفت خون کے ٹیسٹ مقررہ پارٹنر لیبارٹریوں (ویلفئر اسپتال اور میڈی لیب)میں کئے جائیں گے، جس کے لئے کیمپ میں شریک ہونے والوں کو کسی ایک لیب میں اپنے خون کے سیمپل 9 سے 15 جولائی کے درمیان  جمع کرانے ہوں گے، جن کی رپورٹس کیمپ کے دوران ماہرینِ امراضِ قلب کے ذریعے جانچی جائیں گی۔ اس کے علاوہ رجسٹریشن میں معاونت کے لیے INF ڈائلیسس سینٹر، ویلفیئر ہاسپٹل، بھٹکل میں واک اِن رجسٹریشن کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

لنکا غفران نے عوام سے اپیل کی کہ محدود نشستوں کے پیش نظر جلد از جلد رجسٹریشن کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ کیمپ تمام شہریوں کے لیے کھلا ہے، تاہم اس کا بنیادی مقصد نوجوانوں اور درمیانی عمر کے افراد میں دل کی بیماریوں کی بروقت تشخیص کو پتہ لگانا ہے۔

انہوں نے عوام سے یہ بھی درخواست کی کہ اس مہم کی معلومات اپنے اہلِ خانہ، رشتہ داروں اور دوستوں تک پہنچائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس مفت کارڈیک اسکریننگ کیمپ سے فائدہ اٹھا سکیں۔ مزید معلومات کے لیے 9841093909 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ کیمپ سے متعلق عمومی سوالات (FAQ) کے لیے  https://www.inawayathforum.org/cardio.html#fa وزٹ کرسکتے ہیں۔


Share: