منڈیا،28؍ستمبر(ایس اونیوز) ضلع میں عوامی مطالبے کے مطابق دوڑائی جارہی 20 نئی کے ایس آر ٹی سی بسوں کی خدمات کا افتتاح وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ شہر کے سرکاری کالج میدان میں خصوصی پوجا کرنے کے بعد ہری جھنڈی دکھاکر وزیر اعلیٰ نے ان بسوں کو عوام کے نام منسوب کیا۔ ڈیویژنل کنٹرولر نے بتایا کہ ضلع میں فی الحال 501 سرکاری بس دوڑ رہی ہیں جن میں 20 نئی بسیں شامل کی گئی ہیں، جس سے بسوں کی تعداد 521ہوگئی ہے۔ 473روٹس پر بسیں دوڑ رہی ہیں، اب عوام کے مطالبے پر نئے بس روٹس کی نشاندہی کر کے بسوں کو دوڑایا جارہا ہے۔ بسوں کے نئے روٹس میں مدور اور ملولی کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔ کیرو گاولو سنتے مالا سے ہوتے ہوئے بنگلور جانے والی بس بھیجاولی، کے ایم دوڈی، مدور، رام نگرم سے ہوتے ہوئے بنگلور پہنچے گی۔ مدور سے منڈیا جانے والی 2بسیں گجلا گیرے گارمنٹس سے دوڑیں گی، منڈیا سے کے ایم دوڈی جانے والی بس بیلور، کنلی سے ہوتے ہوئے ملولی سے منڈیا پہنچے گی۔ اسکول کالج کے طلبہ کی سہولت کیلئے بھی نئی بسیں دوڑائی جارہی ہیں۔