ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ایران میں ایندھن ٹینکر دھماکے سے 11 افراد جاں بحق، 7 زخمی

ایران میں ایندھن ٹینکر دھماکے سے 11 افراد جاں بحق، 7 زخمی

Sun, 06 Sep 2026 11:04:59    S O News

تہران، 6/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) مغربی ایران میں ہفتہ کے روز ایک سڑک حادثے کے بعد ایندھن ٹینکر میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 11 افراد کی موت ہو گئی اور تقریباً 7 افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ دھماکے کی وجہ سے آس پاس سے گزرنے والی کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ’آئی آر آئی بی‘ کے مطابق یہ حادثہ کردستان صوبے کے سننداج کاؤنٹی اور ہمدان صوبے کی ہمدان کاؤنٹی کے درمیان واقع انٹر سٹی سڑک پر پیش آیا۔ یہ اطلاع ’کردستان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز‘ کی ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے سربراہ بابک ہودائی نے دی۔

’سنہوا‘ خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہودائی نے بتایا کہ دھماکے کے سبب آس پاس سے گزرنے والی کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیم زخمیوں کو سننداج کے ایک اسپتال میں داخل کرا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جائے حادثہ پر راحت رسانی کا کام اب بھی جاری ہے۔ اس سے قبل جولائی میں مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ (نیول مائن) سے ٹکرانے کے بعد تباہ ہو گیا تھا، جس میں زوردار دھماکہ بھی ہوا تھا۔ بتایا گیا کہ جہاز ایران کی جانب سے طے کیے گئے راستے سے ہٹ گیا تھا اور اسی دوران وہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا۔ ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی ’مہر‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹینکر پہلے دی گئی وارننگ کے باوجود ایران کی جانب سے مقرر کردہ محفوظ بحری راستے سے باہر ایک علاقے میں پہنچ گیا تھا۔

آبنائے ہرمز خلیج فارس کو خلیج عمان اور بحیرہ عرب سے جوڑتی ہے۔ یہ دنیا کے اہم ترین توانائی کے راستوں میں سے ایک ہے، جہاں سے خلیجی خطے کے بڑے تیل اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) پیدا کرنے والے ممالک کی برآمدات بین الاقوامی بازاروں تک پہنچتی ہیں۔ اس دوران واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔ امریکی فوج نے ہفتہ کے روز کہا کہ ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کی جانب سے امریکی بحریہ کے 2 جنگی جہازوں کی طرف بیلسٹک میزائل داغے جانے کے بعد امریکی فورسز نے ایران کے خام تیل لے جانے والے 3 ٹینکروں پر حملہ کیا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق ایک امریکی طیارہ بردار بحری جہاز (ایئر کرافٹ کیریئر) اور ایک گائیڈیڈ میزائل ڈسٹرائر نے ایران کے متعدد حملوں سے کامیابی کے ساتھ اپنا دفاع کیا۔ اس واقعے میں کوئی بھی امریکی فوجی زخمی نہیں ہوا۔ سینٹ کام نے کہا کہ ’’5 ستمبر کو سینٹ کام کی فورسز نے ایران کے خام تیل لے جانے والے 3 جہازوں پر حملہ کیا، جب اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے علاقائی سمندر میں گشت کر رہے امریکی بحریہ کے 2 جنگی جہازوں کی جانب بیلسٹک میزائل داغیں۔‘‘


Share: