ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناور کے کاسرکوڈاور اطراف میں شراب کی غیر قانونی فروخت پر پابندی لگانے کے لئے خواتین کا مطالبہ

ہوناور کے کاسرکوڈاور اطراف میں شراب کی غیر قانونی فروخت پر پابندی لگانے کے لئے خواتین کا مطالبہ

Tue, 21 Aug 2018 13:21:42    S.O. News Service

ہوناور 21؍اگست (ا یس او نیوز) کاسرکوڈ اور کیلگینور گرام پنچایت کی حدود میں غیر قانونی طور پر شراب فروخت کرنے کے مراکز بے تحاشہ بڑھ گئے ہیں۔ اس کی وجہ سے وہاں کے لوگوں میں شراب نوشی کی لت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

اس مسئلے سے پریشان ہوکر عوام اور مقامی خواتین نے ہوناور کی تحصیلدارمنجولا بھجرنتی کو میمورنڈم دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس علاقے میں شراب فروخت کرنے پر پابندی لگائی جائے۔میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ اس پورے علاقہ میں غریب اور قلی مزدوری کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہے۔یہاں مذہبی مقامات اور اسکولوں کے آس پاس تک شراب کھلے عام فروخت ہونے کی وجہ سے یہ مزدور اپنی کمائی پوری کی پوری شراب نوشی پر ضائع کررہے ہیں۔اس سے ایک طرف مالی دشواریاں پیش آرہی ہیں تو دوسری طرف جسمانی بیماریاں بھی بڑھ گئی ہیں۔اس کی وجہ سے متاثرہ خاندان والے سڑکوں پر آجانے کی نوبت پیش آرہی ہے۔

میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ اس علاقے میں بغیر خوف کے جس طرح بے تحاشہ اورکھلے عام شراب فروخت ہورہی ہے اسے دیکھ کر محکمہ آبکاری کے افسران پر ہی شک و شبہ ہوتا ہے کہ شائد ان کی ملی بھگت سے یہ غیر قانونی کاروبار چل رہا ہے۔اس لئے کہ کئی مرتبہ غیر قانونی طور پر شراب فروخت والوں کو عوام نے ہی پکڑ کر محکمہ آبکاری اور پولیس کے حوالے کیا تھا، مگر ان پر کوئی معاملہ درج کیے بغیر یونہی رفع دفع کردیا گیا ہے۔ان غیر قانونی شراب فروشوں کا کہنا ہے کہ وہ لوگ افسران کو ماہانہ رقم ادا کرتے ہیں اس لئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کرناممکن نہیں ہے۔

میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس علاقے میں شراب فروخت کرنے کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس کاروبار میں ملوث افراد کو ایک مہینے کے اندر گرفتار کرکے یہاں شراب فروخت کرنے پر پابندی لگائی جائے ، ورنہ بصورت دیگر عوام کی جانب سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔


Share: