ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس میں استعفیٰ کا دور جاری، جیوتی رادتیا سندھیا نے جنرل سکریٹری کا عہدہ چھوڑا

کانگریس میں استعفیٰ کا دور جاری، جیوتی رادتیا سندھیا نے جنرل سکریٹری کا عہدہ چھوڑا

Sun, 07 Jul 2019 23:15:45    S.O. News Service

نئی دہلی،7جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا انتخابات کے بعد کانگریس میں استعفوں کا دور جاری ہے۔اب کانگریس کے سینئر لیڈر جیوتی رادتیہ سندھیا نے پارٹی جنرل سکریٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔جیوتی رادتیہ سندھیا نے ٹویٹ کرکے اپنے استعفیٰ کی معلومات دی۔لوک سبھا انتخابات میں شکست کی ذمہ داری لیتے ہوئے راہل گاندھی بھی کانگریس کے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔جیوتی رادتیہ سندھیا نے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے ٹویٹ کیا، مینڈیٹ قبول کرتے ہوئے اور ہار کی ذمہ داری لیتے ہوئے میں نے راہل گاندھی کو کانگریس جنرل سکریٹری کے عہدے سے اپنا استعفیٰ سونپ دیا ہے،میں نے انہیں (راہل گاندھی) اس ذمہ داری کو سونپنے کے لئے اور مجھے پارٹی کی خدمت کرنے کا موقع دینے کے لئے شکریہ اداکرتا ہوں۔لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی کراری شکست ہوئی تھی۔ان انتخابات میں سب سے خاص بات تھی کہ کانگریس کے سینئر لیڈر بھی اپنی سیٹ ہار گئے تھے۔جیوتی رادتیہ سندھیا کوبھی مدھیہ پردیش کی گنا سیٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔بھارتیہ جنتا پارٹی نے مدھیہ پردیش کی کل 29 سیٹوں میں سے 28 سیٹیں جھٹک کر کانگریس کو حیران کر دیا تھا۔گنا سیٹ سے جیوتی رادتیہ سندھیا گزشتہ چار بار سے جیتتے آ رہے تھے،اس سیٹ کو کانگریس کا گڑھ کہا جاتا تھا۔مدھیہ پردیش کی گنا لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے سینئر لیڈر جیوتی رادتیہ سندھیا کو بی جے پی کے کے پی یادو نے 125549 ووٹوں سے شکست دی تھی۔اس سیٹ پر چھٹے مرحلے میں 12 مئی کو ووٹنگ ہوئی تھی، جس میں علاقے کی کل 1674676 ووٹروں میں سے 70.02 فیصد نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔


Share: