ممبئی،18؍ فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان میں کورونا کے جتنے بھی نئے کیس رپورٹ ہورہے ہیں ان میں 60 فیصد سے زیادہ صرف دو ریاستوں کیرلا اور مہاراشٹر سے ہیں -
بدھ کو جاری کردہ اعدادوشمار میں صرف یہی دو ریاستیں ایسی ہیں جہاں 24 گھنٹوں کے دوران 500 سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں - گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 11610 نئے کیس سامنے آئے ہیں - ان میں سے 3663؍ اکیلے مہاراشٹر سے ہیں - مہاراشٹرا سے زیادہ کیس صرف کیرلا سے آئے ہیں جہاں 4937کیس رپورٹ ہوئے ہیں - یہ واحد دو ریاستیں ہیں جہاں کووڈ کیسوں کی تعداد 500 سے زیادہ ہے-
مہاراشٹر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 39؍ اموات ہوئیں، جبکہ کیرلا میں 18 ؍ اموات ریکارڈ کی گئیں -مہاراشٹرا میں کووڈ 19 کے بڑھتے ہوئے کیسوں کی وجہ سے لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کیا جاسکتا ہے- منگل کو وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے یہ انتباہ دیا- ادھو نے کہاکہ لوگ لاپرواہ ہوچکے ہیں - یہ لوگوں پر منحصر ہے کہ وہ لاک ڈاؤن چاہتے ہیں یا کم سے کم پابندیوں کے ساتھ زندگی گزاریں گے-