منگلورو یکم نومبر ( ایس او نیوز) کوناجے پولیس اسٹیشن کے حدود میں پلّی اکّا عرف پلّی ابّا نامی ایک ۷۰سالہ شخص دو دن سے لاپتہ ہوگیا تھا۔ کافی تلاش اور تحقیق کے بعد پتہ چلا کہ گانجہ کے عادی نشہ بازوں نے اس کو قتل کر کےدور ایک پہاڑی کے قریب لاش دفنا دی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ عادی نشہ بازوں اور پلّی ابّا کے درمیان 1.5 لاکھ روپے کی رقم کے سلسلے میں کچھ تنازعہ چل رہا تھا۔ 29اکتوبرجمعرات کی شام سے پلّی ابّا لاپتہ ہوگیا تھا۔ جمعہ کے دوپہر تک اس کا موبائل فون چل رہاتھا پھر وہ بند ہوگیا۔ گھروالوں نے اس کو تلاش کرنے کے دوران شک کی بنیاد پردو پڑوسی نشے باز نوجوانوں سے سختی کے ساتھ پوچھ تاچھ کی تو یہ راز کھلا کہ ان دونوں نشے بازوں نے پلّی ابّا کو قتل کردیا ہے اور کچھ بیرونی ساتھیوں کی مدد سے اس کو دفنادیا ہے۔ پولیس کی مدد سے متعلقہ مقام سے لاش بر آمد کرلی گئی۔ کوناجے پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔