نئی دہلی، 18؍مئی (ایس او نیوز؍یو این آئی) سترہویں لوک سبھا کے انتخابات کے آخری مرحلے میں 59 سیٹوں پر ووٹنگ کے لئے انتخابی مہم جمعہ کی شام پانچ بجے ختم ہوگئی، جبکہ الیکشن کمیشن کی طرف سے مغربی بنگال کی نو نشستوں کے لئے انتخابی مہم پر روک لگائے جانے کی وجہ سے وہاں انتخابی مہم کل ہی ختم ہوگئی تھی۔ اتوار کو ہونے والی پولنگ کے لئے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور سکیورٹی کے سخت انتظام کئے گئے ہیں۔ آخری مرحلے میں سات ریاستوں بہار، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، مغربی بنگال، پنجاب، ہماچل پردیش، اتر پردیش اور مرکز کے زیر انتظام خطہ چنڈی گڑھ میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس مرحلے میں اتر پردیش اور پنجاب کی 13-13 نشستوں، مغربی بنگال کی نو سیٹوں، بہار اور مدھیہ پردیش کی آٹھ نشستوں، ہماچل پردیش کی چار سیٹوں، جھارکھنڈ کی تین نشستوں اور چنڈی گڑھ کی ایک نشست پر پولنگ ہوگی۔ اس میں 10 کروڑ ایک لاکھ 75 ہزار ووٹر 918 امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔آخری مرحلے میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر روی شنکر پرساد، محترمہ ہرسمرت کور بادل، ہردیپ پوری اور شتروگھن سنہا، انوراگ ٹھاکر، پون بنسل، کرن کھیر، میسا بھارتی، سنی دیول، شیبو سورین، آر کے سنگھ، سی پی آئی لیڈر اتل کمار انجان، منوج سنہا، مہندر ناتھ پانڈے، انپریا پٹیل سمیت کئی اہم لیڈر انتخابی میدان میں ہیں۔ بنارس کی سیٹ پر مودی کا مقابلہ کانگریس کے اجے رائے اور سماجوادی پارٹی کی شالنی یادو سے ہے۔ مودی پہلے ہی روڈ شو کے ذریعے اپنی انتخابی مہم کر چکے ہیں۔بہار کی پاٹلی پتر سیٹ پر مرکزی وزیر روی شنکر پرساد اور کانگریس کے شتروگھن سنہا کے درمیان مقابلہ ہے جس پر لوگوں کی نظر ٹکی ہوئی ہے۔ سابق لوک سبھا اسپیکر اور کانگریس امیدوار میرا کمار کا بی جے پی کے چھیدی پاسوان سے مقابلہ ہے۔ اس مرحلے میں ووٹنگ کے لئے 11 لاکھ دو ہزار 986 پولنگ مراکز بنائے گئے ہیں۔ چار کروڑ 74 لاکھ 56 ہزار 828 خواتین ووٹر ہیں جبکہ مرد ووٹروں کی تعداد پانچ کروڑ 27 لاکھ 14 ہزار 890 ہے۔ تیسری صنف کی تعداد 3435 ہے۔