بنگلورو،18؍اپریل (ایس او نیوز) کورونا وائرس وباء کی وجہ سے ملک میں اس وقت لاک ڈاؤن جاری ہے۔ لوگوں کے گھر سے باہر نکلنے پر پابندی ہے، کوئی بڑا پروگرام نہیں ہو رہا ہے۔
لیکن ان تمام پابندیوں سے الگ جمعہ کو کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کے بیٹے نکھل کمار سوامی کی شادی ہوئی۔ رام نگر میں بڑے شاہی انداز میں نکھل کی شادی ہوئی، میڈیا کے جانے پر بھی پابندی عائدکی گئی تھی۔شادی کو لے کر کئی طرح کے سوال بھی کھڑے ہو رہے ہیں کیونکہ ایک طرف جہاں ملک بھر میں لوگوں کو سوشل دوری رکھنے کے لیے خبردار کیا جا رہا ہے۔
دوسری طرف اس طرح کا وی آئی پی ٹریٹمنٹ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ایچ ڈی کمار سوامی کے بیٹے نکھل نے کانگریس حکومت میں وزیر رہے ایم کرشنپاکی بھتیجی ریوتی سے شادی کی ہے۔ رام نگر کے ایک فارم ہاؤس میں شاہی شادی کا انعقاد کیا گیا، گرچہ میڈیا کو جانے کی اجازت نہ دی گئی ہو۔ لیکن تقریب میں تقریباً30-40 گاڑیوں کا جماوڑہ ضرور دیکھا گیا۔
مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ خاندان کی جانب سے کچھ گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبر دئیے گئے تھے، صرف انہی گاڑیوں کو پروگرام میں جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
غور طلب ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مرکزی حکومت نے جو گائیڈلائنس جاری کی تھیں، اس کے مطابق اس دوران کسی بھی بڑے پروگرام کے انعقاد کی منظوری نہیں دی جانی ہے۔