ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تین طلاق بل راجیہ سبھا میں پاس نہیں ہوگی : وینو گوپال

تین طلاق بل راجیہ سبھا میں پاس نہیں ہوگی : وینو گوپال

Sat, 29 Dec 2018 23:33:50    S.O. News Service

بنگلورو،29؍دسمبر(ایس اونیوز) اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اور کرناٹک میں کانگریس امور کے انچارج کے سی وینو گوپال نے کہا ہے کہ کانگریس تین طلاق بل کو راجیہ سبھا میں ہرگز منظور ہونے نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس ان سیاسی جماعتوں کے ساتھ رہے گی جو بل کو اس کی موجودہ شکل میں منظور کرنے کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم خواتین (تحفظ ) بل 2018 کے خلاف دس اپوزیشن پارٹیاں متحد ہوئی ہیں۔ مختلف معاملوں پر حکومت کی تائید کرنے والی اے آئی اے ڈی ایم کے ساتھ ترنمول کانگریس نے بھی کھلے عام اس بل کی مخالفت کی ہے۔ بل کی سخت دفعات مخالفت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیاں یہ موقف رکھتی ہیں کہ اس بل سے مسلم خواتین کو طاقتور بنانے میں کوئی مدد نہیں ملے گی، جمعرات کے دن لوک سبھا میں منظور تین طلاق بل پر راجیہ سبھا میں اگلے ہفتے بحث متوقع ہے۔

انہوں نے کہاکہ کیرلا میں بھلے ہی کانگریس کی قیادت والا یو ڈی ایف اور بائیں پارٹیوں والا ایل ڈی ایف ایک دوسرے کے مخالف ہیں ، لیکن تین طلاق معاملے میں قومی سطح پر دونوں پارٹیوں کی فکر یکساں ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے بھی جب راجیہ سبھا میں تمام سیاسی جماعتوں نے متحد ہوکر اس بل کو پاس ہونے سے روک دیا تھا، اور حکومت کو آرڈی ننس جاری کرنا پڑا اور دوبارہ یہ بل لوک سبھا میں پیش ہوئی ہے۔ کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ این ڈی اے حکومت نے اس بل کو عجلت میں منظور کروایا ہے۔ 2019کے عام انتخابات میں سیاسی فائدے پر نظر رکھتے ہوئے بی جے پی اس بل اور اس سے جڑے تنازعوں کو ہوا دینے کی کوشش کررہی ہے۔ 
 


Share: