نئی دہلی،17؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی (آرٹی فیشیل انٹیلی جنس) کی وجہ سے ملازمتوں میں کمی ایک اہم چیلنج ہے جس پر بحث ہونی چاہئے اور بین الاقوامی برادری کو اس کا حل ڈھونڈنا چاہئے۔جنیوا میں آئی پی یو کے 139 ویں سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مہاجن نے کہاکہ ٹیکنالوجی اور بہتر طرز زندگی، رابطہ، مواصلات، سوشل نیٹ ورکنگ تک آسان رسائی مہیا کراتے ہیں، لیکن اس سے ملازمتوں میں کمی بھی آتی ہے، تنہائی بڑھتی ہے اور نفسیاتی خرابی کی شکایت سامنے آتی ہے۔ لوک سبھا سکریٹریٹ کی جانب سے جاری ایک بیان میں مہاجن کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پوری انسانیت جدت طرازی کی قیادت والی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل انقلاب کے مرکز میں ہے جو زمین پر زندگی کے ہر پہلو کو شکل دے رہی ہے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل رسائی تک عالمی امن کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔