بیلگاوی 26؍دسمبر (ایس او نیوز) پولیس نے مصدقہ اطلاعات کی بنیادپر چھاپہ ماری کرتے ہوئے دو ایسے ملزمین کوگرفتا ر کیا ہے جو 2000روپے اور 500 روپے کے نقلی نوٹ بازار میں پھیلانے کے چکر میں تھے۔ پولیس نے ضبط کی گئی نقلی کرنسی کی ظاہری قیمت 1,00,81,500روپے بتائی ہے۔
پولیس کمشنر ڈی سی راجپّا نے پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آصف شیخ نامی شخص حال ہی میں دبئی سے واپس لوٹا تھا۔ کمپیوٹر اور سافٹ ویئر ڈیزائننگ میں اسے مہارت حاصل ہے ۔ اس نے بڑی صفائی اور کامیابی سے 500اور2000روپوں کے نوٹ پرنٹ کرلیے ۔ جب یہ نقلی نوٹ وہ سری نگر کے علاقے میں سوشیل ورکر کے طور پر پہچانے جانے والے رفیق دیسائی کے حوالے کررہاتھا تو پولیس ٹیم نے چھاپہ مارکر دونوں کو گرفتار کرلیا۔ رفیق دیسائی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سماجی خدمت کے طور پر اکثر وبیشتر بیلگاوی ڈسٹرکٹ اسپتال میں مریضوں کو کھانا فراہم کیا کرتا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ تفتیش کے دوران آصف نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس نے کورل ڈرا سافٹ ویئر سے نوٹ ڈیزائن کیا اور نہایت ہی مہارت کے ساتھ پرنٹ کرلیا۔اس کے بعد پولیس نے آصف کے گھر پر چھاپہ مارکر نوٹ چھاپنے کے لئے استعمال کیا گیا کمپیوٹر اور پرنٹر ضبط کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آصف کے ذریعے چھاپے گئے نقلی نوٹ بالکل اصلی جیسے نظر آتے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ضبط کی گئی نقلی کرنسی میں500روپے کے نوٹوں پر جو نمبر سیریز ہے وہ 6BP478309اور دو ہزارروپوں کے نوٹوں کی سیریز 6FQ210241ہے۔ عوام کو اس تعلق سے ہوشیار رہنے کی تنبیہ کی گئی ہے۔