ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی ڈی اے کی املاک کا مکمل سروے کیا جائے گا: پرمیشور

بی ڈی اے کی املاک کا مکمل سروے کیا جائے گا: پرمیشور

Sat, 03 Nov 2018 22:21:25    S.O. News Service

بنگلورو، 3؍نومبر (ایس او نیوز) نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہاہے کہ بنگلور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ملکیت میں آنے والی تمام جائیدادوں کی جانکاری مکمل طور پر حاصل کرنے کے لئے عنقریب ایک سروے شروع کیا جائے گا۔ یہ سروے مارچ تک مکمل کرکے اب تک بی ڈی اے کی طرف سے فراہم کئے گئے سائٹس اور اب سائٹوں کے لئے جمع کی گئیں درخواستیں اور مانگوں کا جائزہ لینے کے بعد سائٹوں کی تقسیم کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔آج بی ڈی اے کی اعلیٰ افسروں کے ساتھ میٹنگ میں بی ڈی اے کی املاک اور دیگر امور کا جائزہ لینے کے بعد ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ شہر میں بی ڈی اے کی املاک کا اراضی سروے ہوئے طویل عرصہ گزر چکا ہے۔ اسی لئے یہ جانکاری ضروری ہے کہ بی ڈی اے کی پاس کتنی ایکڑ زمین فی الوقت موجود ہے اور اس کے ذریعے کتنے لوگوں کو سائٹس مہیا کرائے جاسکتے ہیں۔ ساتھ ہی بی ڈی اے کی طرف سے لے آؤٹس کی ترتیب کے کاموں کو کس رفتار سے آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ بی ڈی اے کو یہ سروے تین ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عدالت نے یہ فیصلہ سنایا ہے کہ شیو رام کارنت لے آؤٹ میں درکار نوٹی فکیشن کو مکمل کرکے جاری کرے اور تین ماہ کے اندر سائٹوں کی تقسیم کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس لے آؤٹ کے لئے درکار 3546 ایکڑ زمین میں سے ریاستی حکومت کے پاس فی الوقت 800ایکڑ زمین دستیاب ہے۔ اس زمین کو نوٹی فائی کرکے جلد از جلد پہلے مرحلے کے لے آؤٹس کی ترتیب دی جائے گی اور سائٹوں کی تقسیم کا سلسلہ بھی آگے بڑھایا جائے گا۔ بنگلور کے اطراف دائراتی رنگ روڈ کی تعمیر کے متعلق ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ 65کلومیٹرطویل سڑک کی تعمیر کے لئے 17ہزار کروڑ روپیوں کی لاگت آئے گی۔اس سڑک کے لئے 6200 کروڑ روپیوں کی لاگت پر زمین اکوائر کی جارہی ہے۔آٹھ لائن پر مشتمل اس شاہراہ کے درمیان سے میٹرو لائن تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی ڈی اے میں اس منصوبے پر کافی طویل کام ہوچکا ہے۔ حالانکہ ابتدا میں یہ منصوبہ شامل نہیں تھاکہ سڑک کے درمیان میٹرو لائن بھی شامل کی جائے گی۔ تاہم میٹرو لائن کے شامل ہوجانے سے یہاں آس پاس بسے لوگوں کو کافی سہولت ہوجائے گی۔ عنقریب اس منصوبے کے لئے ریاستی کابینہ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ کیمپے گوڈا لے آؤٹ میں پانچ ہزار سائٹوں میں سے 4971سائٹوں کی تقسیم کا عمل شروع کرتے ہوئے مالکوں کو حق پترے دئے گئے ہیں۔انہیں سائٹ کی قیمت ادا کرنے کے لئے تین ماہ کا وقفہ دیاگیا ہے، تین ماہ کے بعد ان سے 18 فیصد جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ارکاوتی لے آؤٹ کے لئے سائٹوں کی درخواست دینے والے 3600 افراد نے متبادل سائٹوں کا مطالبہ کیا تھاانہیں کیمپے گوڈا لے آؤٹ میں سائٹس حاصل کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔ اس سے بی ڈی اے کو کچھ خسارہ بھی برداشت کرنا پڑا۔ نائب وزیر اعلیٰ نے بتایاکہ مشن بنگلور 2050 منصوبے کے تحت ہوسکوٹے ، ڈوڈ بالا پور، آنیکل اور دابس پیٹ کو شہر سے جوڑتے ہوئے یہاں سے جو دائراتی رنگ روڈ گزرے گا اس کے آس پاس ٹاؤن شپ تعمیر کئے جائیں گے تاکہ شہر میں آبادی میں اضافے کے سبب انفرااسٹرکچر پر جو دباؤ پڑ رہاہے، اسے کم کیاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ بی ڈی اے کا موجودہ دفتر چونکہ کافی تنگ ہے اسی لئے ریاستی حکومت اس بات پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے کہ ایک بی ڈی اے بھون تعمیر کیا جائے۔ بی ڈی اے کمشنر سے کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں ایک تفصیلی منصوبہ ریاستی حکومت کو پیش کیا جائے ۔


Share: