بھٹکل 8 /جولائی (ایس او نیوز) موجودہ رکن اسمبلی سنیل نائک نے سابق رکن اسمبلی منکال وئیدیا پر الزام لگایا کہ وہ ہوناور میں تجارتی بندرگاہ کے تعلق سے ماہی گیروں کو اشتعال دلانے کا کام کررہے ہیں ۔
سنیل نائک نے ایک تحریری بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈی کے شیو کمار کو حقائق سے لاعلم رکھ کر ہوناور لے جایا گیا اور غلط معلومات دے کر وہاں پر چل رہے کام کو رکوانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ منکال وئیدیا نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کے بجائے اس سے قبل کانگریس کے دور اقتدار میں منظور کیے گئے اس منصوبے کو روکنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ اس بندرگاہ کی تعمیر کا منصوبہ کا سنگ بنیاد کانگریسی وزیر اعلیٰ سدارامیا نے رکن اسمبلی منکال وئیدیا، شاردا شیٹی، ستیش سائیل اور اس وقت کے ضلع انچارج وزیر آر وی دیشپانڈے کی موجودگی میں ہی رکھا تھا۔ سنیل نائک نے سوال کیا کہ اس وقت کیا کانگریسی لیڈران کو ماہی گیروں کے مفادات کی فکر نہیں تھی؟ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں میرے پاس فوٹوز اور ضروری دستاویزات موجود ہیں اگر اس پر بحث کرنا ہوتو کانگریسی لیڈران تاریخ اور مقام طے کریں، میں ان کے ساتھ اس منصوبہ کی پوری حقیقت سامنے رکھ کر بحث کرنے کے لئے تیار ہوں۔