بھٹکل 6 ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل کے بندر روڈ پر واقع بیلنی نامی مقام پر قائم کئے جارہے ڈمپنگ اسٹیشن کی مخالفت میں اب مزید تیزی آگئی ہے اور ڈونگر پلی اور بندر روڈ کے عوام کے ساتھ اب بیلنی اور ماون کوروے کے عوام نے بھی اس کچرہ ٹھکانے لگانے والے مرکز کی تعمیر کو لےکر سخت اعتراض جتایا ہے اورصاف کردیا ہے کہ اسے کسی بھی حال میں بیلنی میں قائم کرنے نہیں دیا جائے گا۔
اس ضمن میں آج پیر کو ماون کوروے پنچایت کے صدر کے نام ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے علاقہ کے عوام نے انتباہ دیا ہے کہ اگر بیلنی میں اس مرکز کو قائم کرنے کا کام آگے بڑھایا گیا تو پھر عوام راستوں پر نکل کر احتجاج کریں گے۔
سماجی کارکن اور بلاک کانگریس کے سابق صدر ویٹھل نائک نے ماون کوروے پنچایت صدرسومیترا گونڈا سے مخاطب ہوتے ہوئے بتایا کہ بندر روڈ اور بیلنی کا پورا علاقہ گنجان آبادی پر مشتمل ہے، یہاں کھیت ، کلیان، باغات اور اسکول سمیت،مندر، مسجد اور درگا کے ساتھ ساتھ کنارے ہی شرابی ندی بھی بہتی ہے، اگر یہاں کچروں کی نکاسی کا مرکز بنایا جائے گا اور کچروں کو ٹھکانے لگانے کا کام کیا جائے گا تو ظاہر بات ہے کہ نہ صرف پورا علاقہ متاثر ہوگا بلکہ اطراف کے علاقوں میں بھی بدبو پھیل جانے سے بیماریاں پھیل جائیں گی، ساتھ ساتھ قریب بہنے والی ندی بھی آلودہ ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مخالفت کے باوجود اگر یہاں کام کو آگے بڑھایا جاتا ہے تو پھر آگے جو بھی نتائج سامنے آئیں گے اس کے لئے ضلعی انتظامیہ اور علاقہ کی پنچایت ذمہ دار ہوگی۔ ماون کوروے پنچایت کی صدر سومیترا گونڈا اور نائب صدر داسا نائک نے میمورنڈم کووصول کیا۔
میمورنڈم پیش کرنے والوں میں ویٹھل نائک کے ساتھ سری نواس نائک، ڈوڈیّا دیواڑیگا، گنگادھر دیواڑیگا، روی نائک، ایشور نائک، منجوناتھ نائک، افراز سعدا، جلال، ریاض، مولوی فیضان ندوی و دیگر کافی لوگ موجود تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ڈونگر پلی اور بیلنی کے عوام نے اس ڈمپنگ یارڈ کی مخالفت میں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم پیش کرتے ہوئے ڈمپنگ یارڈ کی تعمیر کا کام فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا تھا، اگلے روز اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی نے متعلقہ علاقہ پہنچ کر حالات کا جائزہ لیتے ہوئے عوام سے بات چیت کی تھی ۔