بھٹکل 14/نومبر (ایس او نیوز) قریب ڈھائی سال قبل سعودی عربیہ کے ریاض اسپتال سے کافی دشواریوں اور مشکلات جھیلنے کے بعد بنگلور اسپتال پھر وہاں سے بھٹکل منتقل کرنے کے بعد ابوبکر ماکڑے کے لئے اب اُن ہی لوگوں نے عوام کی مدد سے مکان تعمیر کرکے دینے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے اُسے رات دن ایک کرکے انڈیا لایا تھا اور اُس وقت سے لے کر اب تک اُس کے اخراجات دیکھ رہے تھے۔ابوبکر جسے بھٹکل میں ہاوسنگ بورڈ کے ایک کرائے کے مکان پر رکھا گیا ہے، اُس کی مستقل رہائش کے لئے اب اُسے فردوس نگر میں اُسی کے سسر کی فراہم کردہ تین گُنٹہ زمین پر مکان تعمیر کرکے دیا جارہا ہے، جس کا سنگ بنیاد بھٹکل جامع مسجد کے خطیب مولانا عبدالعلیم ندوی کے ہاتھوں اور اُن کی دُعا سےرکھا گیا اس موقع پر بھٹکل مسلم جماعت ریاض کے اُس وقت کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر ظہیر کولا سمیت جماعت المسلمین تینگنگونڈی کے سکریٹری مولانا اقبال بنگالی ،ابوبکر کے سسر محمد علی اِبّو سمیت ابوبکر کے قریبی رشتہ دار سلیم اِبّو، صلاح الدین اِبّو اور سراج الدین اِبو نیز علاقہ کے دیگر لوگ موجود تھے۔
قریب تین سال قبل ہوئے ایک سڑک حادثے میں کوما میں جانے کے بعد ابوبکر کی حالت پہلے کے مقابلے میں کچھ حد تک بہتر ہے، مگر وہ ابھی تک کوما میں ہی ہے۔ اس کے چار بچے بھی ہیں جو اسکول میں پڑھ رہے ہیں۔ مرڈیشور سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر وسیم مانی، ڈاکٹر عثمان آرمار و دیگر رفقاء کی مدد سے بھٹکل کے ڈاکٹر ظہیر کولا اتنے عر صے سے ان کی دیکھ ریکھ کررہے ہیں۔ ابوبکر ماکڑے کا قریب ایک سال بنگلور میں علاج کرایا گیا تھا، مگر جب افاقہ نہیں ہوا تو انہیں بھٹکل میں ایک کرائے کے مکان پر رکھا گیا جہاں ابوبکر کی اہلیہ اپنے شوہر کی خدمت میں لگی ہوئی ہیں۔
ڈاکٹر وسیم مانی، ڈاکٹر ظہیر کولا اور ان کی ٹیم نے اب ان کے لئے ایک مکان تعمیر کرکے دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے مکان کی بنیاد باقاعدہ رکھی جاچکی ہے۔ ڈاکٹر ظہیر کولا نے اس کارخیر میں عوام الناس سے بھی حصہ لینے اور ان کے لئے بھرپور مالی تعاون دینے کی اپیل کی ہے۔ کوئی ان کی مدد کرنا چاہیں تو ریاض (سعودی عربیہ ) میں ڈاکٹر وسیم مانی سے موبائل نمبر 00966565575829 یا کویت میں موجود ڈاکٹر ظہیر کولا سے موبائل نمبر 0096597243412 ( وہاٹس ایپ: 9535750321) پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ انڈیا میں ساحل آن لائن کے نمائندے مبشر حُسین ہلارے سے موبائل نمبر 9972818849 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
کون ہے ابوبکر ماکڑے: خیال رہے کہ بھٹکل سے قریب دس کلومیٹر دور شیرور سے تعلق رکھنے والے ابوبکر ماکڑے کی اہلیہ بھٹکل کے تینگنگونڈی کی ہیں، وہ سعودی عربیہ کے دارلحکومت ریاض میں ایک کورئیر کمپنی میں ملازم تھا، جس کے دوران اُسے ایک تیز رفتار کار نے ٹکر مار دی تھی اور کار موقع پر سے فرار ہوگئی تھی۔ مقامی لوگوں نے اسے فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا تھا، جہاں سے اسے زائد علاج کے لئے پرنس محمد بن عبدالعزیز اسپتال منتقل کیا گیا تھا، ریاض میں موجود اس کے بھائی اُس کی برابر دیکھ ریکھ کررہے تھے، مگر جب تین ماہ گذرنے کے باوجود ابوبکر کوما سے باہر نہیں نکل سکا تو اُسے انڈیا منتقل کرنے کے بارے میں سوچا گیا، تب پتہ چلا کہ جسے وہ سرکاری اسپتال سمجھ رہے تھے، وہ اسپتال سرکاری نہیں ہے ، بلکہ اسپتال کا بل 3.5 لاکھ سعودی ریال تک پہنچ چکا ہے اور بل کی بھرپائی کئے بغیر اس کا اسپتال سے ڈسچارج کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس دوران بھٹکل مسلم جماعت ریاض کے ذمہ داران اور مرڈیشور مسلم جماعت ریاض کے ذمہ داران نے بھی اپنی جانب سے اسے انڈیا روانہ کرنے کے تعلق سے کوششوں میں جُٹ گئے۔
اسپتال میں ایڈمٹ ہونے کے 9 ماہ بعد واقعے کی جانکاری ساحل آن لائن کو ملی اور اطلاع ملتے ہی ساحل آن لائن نے تفصیلات جمع کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ ساحل آن لائن پر شائع کی، خبر چھپتے ہی دیگر میڈیا میں بھی اس واقعے کو اُچھالا گیا، بالخصوص ٹائمز آف انڈیا نے اپنے کرناٹک ایڈیشن میں اس خبر کو فرنٹ صفحہ پر سُرخیوں میں شائع کیا۔ اس دوران ساحل آن لائن کے اسٹاف کے ذریعے اُس وقت کی وزیر خارجہ محترمہ سشما سوراج کو ٹویٹ کرکے ابوبکر کو انڈیا لانے میں مدد کرنے کی درخواست کی گئی جنہوں نے فوری جواب دیتے ہوئے ریاض میں موجود انڈین ایمباسی کو ضروری مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ مگر جب انڈین ایمباسی کو پتہ چلا کہ اسپتال کا بل چار لاکھ پچیس ہزار سعودی ریال (قریب ایک کروڑ روپیہ) سے بھی زائد ہوچکا ہے تو انہوں نے اتنی بڑی رقم کا بل دینے پر معذرت ظاہر کی، البتہ انڈین ایمباسی کی طرف سے کاغذی کاروائیوں کو مکمل کرنے میں بھرپور تعاون فراہم کیا گیا۔ ایسے میں ریاض جماعت کے ذمہ داران ڈاکٹر وسیم مانی اور ڈاکٹر ظہیر کولا کی کوششیں اُس وقت رنگ لائیں جب اسپتال کے چیف ایکزی کوٹیو آفسر کو واقعے کی جانکاری ملی اور انہوں نے خود اپنی طرف سے اسپتال کا پورا بل بھرنے کی رضامندی ظاہر کی، جس کے بعد ابوبکر ماکڑے کو بنگلور لایا گیا تھا۔
ڈاکٹر ظہیر کولا نے بتایا کہ ڈاکٹر وسیم منا ، ڈاکٹر عثمان آرمار، عفان منّا، فوزان بیڈچول، شہباز منّا اور استیاق آرمار سمیت مرڈیشور مسلم جماعت ریاض اور بھٹکل مسلم جماعت ریاض ابوبکر کے علاج اور دیگر اخراجات کے لئے تعاون کرتے آرہے ہیں، اللہ تماموں کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ انہوں نے عوام الناس سے درخواست کی ہے کہ وہ بھی معاشی طور پر کمزور ابوبکر کے لئے مکان تعمیر کرنے میں ہرممکن مالی تعاون فرمائیں۔
جناب ابوبکر ماکڑے کے تعلق سے اس سے قبل ساحل آن لائن پر شائع خبریں: