ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعدادسے عوام پریشان

بھٹکل میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعدادسے عوام پریشان

Thu, 05 Sep 2019 17:55:24    S.O. News Service

بھٹکل5/ستمبر (ایس او نیوز)بھٹکل تعلقہ میں ایک طرف عوام بارش سے پریشان ہیں۔ دوسری طرف مچھروں کی وجہ وبائی امراض کا خدشہ سر پر منڈلارہا ہے۔ تیسری طرف سڑکوں اور گلیوں میں آوارہ کتوں کے جھنڈ نے عوام کو خوفزدہ کردیا ہے۔

بھٹکل تعلقہ کے دیہاتوں اور شہروں میں ہرجگہ کتوں کے جھنڈ دوڑتے پھرتے نظر آتے ہیں۔ پیدل چلنے والوں اور بچوں پر غراتے ہوئے ان کا پیچھا کرتے ہیں جس سے خوفزدہ ہوکر لوگوں کے گرنے اور زخمی ہوجانے کے واقعات بھی ہورہے ہیں اور کتوں کے کاٹنے وجہ سے لوگوں کو علاج معالجے کے لئے بھٹکل سے باہر بڑے اسپتالوں میں بھیجنے تک کی نوبت آچکی ہے۔ اس وجہ سے اسکول جانے والے طلبہ کے اندر بھی خوف وہراس کی کیفیت دیکھی جاسکتی ہے۔ اکثر وبیشتر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے پر اچانک ان کتوں کے درمیان میں آجانے کی وجہ سے کئی حادثات رونما ہوچکے ہیں۔

سڑک کنارے پھینکے گئے کچرے کی تھیلیوں کی چھین جھپٹ اورسڑکوں پر گندگی پھیلانے کے منظر بھی اکثر مقامات پر دیکھے جاسکتے ہیں۔پورا دن سڑکوں اور گلیوں میں آوارہ گردی اور ہنگامہ مچانے کے بعد یہ کتے گروپس بناکر کسی مکان، خالی میدان یا دکانوں کے شیڈس میں پناہ لیتے ہیں اور رات بھر چیخ وپکار اور اودھم مچاتے رہتے ہیں۔گھروں کے باہر رکھی گئی چپلیں اور دیگر اشیاء یہاں سے وہاں لے جانا اور چیر پھاڑ کر دور کہیں پھینک دینارات کے وقت ان کتوں کا محبوب مشغلہ بن گیا ہے۔

حالانکہ اس مسئلے کو کئی بار میڈیا میں اٹھایا گیا ہے۔ بلدیاتی افسران کے علم میں بھی لایا گیا ہے مگرکتوں کی ا س آوارگی اور ہراسانی کے سلسلے میں تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے کوئی خاص کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ البتہ زبانی جمع خرچ دکھاتے ہوئے انتظامیہ کی طرف سے یقین دہانی کی جاتی ہے کہ آوارہ کتوں سے ہونے والی ہراسانی پر قابو پالیا گیا مگر حقیقت میں اب تک ایسا کچھ بھی نظر نہیں آتا۔ الٹے دن بدن یہ مسئلہ اور زیادہ گمبھیر ہوتا جارہا ہے۔


Share: