بھٹکل 2 جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل جوڈیشیل میجسٹریٹ فرسٹ کلاس (جے ایم ایف سی) عدالت کو جمعہ کی اولین ساعتوں میں آگ لگ جانے سے لکڑیوں سے بنی چھت سمیت اندرونی فرنیچرس جل کر ٓخاکستر ہوگئے۔ تعجب کی بات یہ رہی کہ بھٹکل میں رات سے موسلادھار بارش جاری تھی اور بارش کے چلتے آگ لگ گئی۔
بتایا گیا ہے کہ فجر کی نماز جانے کے دوران کسی مسجد کے امام نے عدالت کی چھت سے آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھا جنہوں نے فوری فائر بریگیڈ کو خبر کی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کاعملہ جائے وقوع پر پہنچ گیا اور آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں لگ گیا۔
عدالت کی چھت چونکہ لکڑیوں سے بنی ہے، سمجھا جارہا ہے کہ شارٹ سرکیوٹ سے آگ نے لکڑیوں پر فوراً اثر کرنا شروع کردیا جس کے ساتھ ہی چھت سمیت اندرونی کمروں کے ٹیبل، الماریاں، کرسیاں وغیرہ آگ کی نذر ہوگئے، آگ کی شدت سے عدالت کی دیواروں سمیت الیکٹرک آلات کو بھی نقصان پہنچا ہے، جبکہ عدالت کےکئی کاغذات اور فائل وغیرہ بھی جل کر خاک ہوگئے ہیں۔
کافی مشقت کے بعد فایر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھٹکل ٹاون پی ایس آئی سُما اپنے عملہ کے ساتھ جائے واردات پر پہنچ گئی تھی، بعد میں کورٹ کے سنیر سیول جج جگدیش شیو پوجے سمیت، اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی، تحصیلدار روی چندرا اور دیگر افسران نے بھی جائے وقوع کا دورہ کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا۔