بھٹکل ،21؍ جون (ایس او نیوز) بھٹکل کے ناگ یکشے دیوی ٹرسٹ کی جانب سے تعلقہ ہاسپٹل کے احاطہ میں بچوں کے ویکسینیشن اور مریضوں یا ان کے رشتہ داروں کے لئے انتظار میں بیٹھے رہنے کا ایک ہال تعمیر کیا جارہا ہے۔ عوامی استعمال کے مقصد سے عطیہ کے طور پر تعمیر کیے جارہے تقریباً 1200 اسکوائر فٹ رقبہ والے اس ہال کا سنگ بنیاد رکن اسمبلی سنیل نائک کے ہاتھ سے رکھا گیا۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہا کہ ناگ یکشے ٹرسٹ والوں نے اس قبل ایک ہال تعمیر کرکے تعلقہ ہاسپٹل کو عطیہ دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ آج اس کا عملی کام سنگ بنیاد کے ساتھ شروع ہوا ہے۔ اس کے لئے عوام کی طرف سے میں ٹرسٹ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھٹکل تعلقہ ہاسپٹل میں مریضوں کی دیکھ ریکھ اور علاج و معالجہ بڑے اچھے پیمانے پر ہورہا ہے جس کی وجہ سے دوسرے اضلاع سے بھی مریض علاج کے لئے اس ہاسپٹل کا رخ کرنے لگے ہیں۔ یہ ہاسپٹل پورے ضلع کے لئے ایک ماڈل بن گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں یہاں سی ٹی اسکیان سمیت دیگر جدید سہولتیں فراہم کرنے اور اسے ایک ہائی ٹیک ہاسپٹل میں تبدیل کرنے کے لئے سرکاری طور پر پوری کوشش کی جائے گی۔
ناگ یکشے ٹرسٹ کے مذہبی رہنما رام داس پربھو نے کہا کہ تعقلہ ہاسپٹل میں آنے والی خواتین کے لئے بچوں کو دودھ پلانے کی کوئی الگ تھلگ جگہ نہیں ہے۔ اس کے علاوہ ویکسینشن کے لئے بچوں کو سیدھے ہاسپٹل کے اندر لے جایا جاتا ہے ۔ اس سے بچنے کے لئے بچوں کو باہری احاطے میں دوسرے مریضوں سے الگ رکھ کر ویکسینیشن کی سہولت فراہم کرنا ضروری محسوس ہوا ۔ اس لئے ہمارے ٹرسٹ نے عوامی سہولت کے مقصد سے ایک ہال تعمیر کرکے اسپتال کو عطیہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسی کے تحت آج سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ۔ اگر منصوبہ کے مطابق کام آگے بڑھا تو آئندہ تین مہینوں کے اندر یہ ہال تیار ہوجائے گا۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹیو میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سویتا کامت، بی جے پی تعلقہ صدر سبرایا دیواڈیگا، نریندرا نائیک، اچھوت کامت، شریکانت نائک، مہیندرا نائک اور دیگر افراد موجود تھے۔