بنگلورو، یکم نومبر (ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے آبی وسائل ڈی کے شیوکمار نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی ریاست میں جے ڈی ایس کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت کے ذریعے بلاری ضلع کے سلگتے مسائل کو سلجھانے کے لئے دیانتدارانہ کوشش کرنے کی پابند رہے گی۔
آج ضلع میں راجیواتسوا تقریب میں شرکت کے بعد مخاطب ہوکر انہوں نے کہاکہ ضلع میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی ، روزگار ، بہتر طبی خدمات ، تعلیم وغیرہ سنگین مسائل کے طور پر سر اٹھائے ہیں، ان تمام مسائل کو خصوصی توجہ کے ساتھ نپٹایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ضلع میں جو قدرتی وسائل معدنیات کی شکل میں موجود ہیں ان پر چند مخصوص لوگوں کی اجارہ داری ہے، ان مسائل کو ضلع کے عوام کی ترقی کے لئے استعمال میں لانے پر کانگریس پوری توجہ دے گی، انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں اس کے لئے ایک جامع لائحہ عمل تیار کرلیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ بلاری ضلع میں جوااورتاش کی بازی ایک عام برائی ہے، اس کو ختم کرنے کے لئے سخت قدم اٹھائے جائیں گے، ضلع میں جوے بازی کی وجہ سے کئی خاندان تباہ ہوچکے ہیں آئندہ اس برائی کو پھیلنے سے روکا جائے گا۔ ضلع میں معدنیات اور دیگر اشیاء لانے لے جانے والی گاڑیاں چلانے والے ڈرائیوروں کے مسائل کو سلجھانے کے لئے بھی خصوصی توجہ کے ساتھ کام کرنے کا وزیر موصوف نے تیقن دیا۔انہوں نے کہاکہ ضلع کی ترقی کے لئے جو جامع منصوبہ اپنایا جائے گا اسے دو تین سال کے اندر عملی شکل دی جائے گی۔