بنگلورو29؍دسمبر(ایس او نیوز)شہر کی میئر گنگامبیکے نے کہاہے کہ 31 دسمبر کی رات شہر میں کہیں بھی سڑکوں پر پنڈال وغیرہ لگاکر نئے سال کے اہتمام کے لئے بی بی ایم پی سے باضابطہ اجازت لینی پڑے گی۔ بصورت دیگر ایسی تقریب کا اہتمام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ جشن سال نو کے نام پر جابجا پارٹیاں کرنا اور شرابی نوشی کرکے ہنگامہ کھڑا کرنے کی آزادی کسی کو نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ عوام نئے سال کاجشن کافی جوش وخروش سے مناتے ہیں ، لیکن اس جشن کی وجہ سے ان لوگوں کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو جو ان اوقات میں سڑکوں کا استعمال کرتے ہیں یا انہیں آنا جانا پڑتا ہے۔اگر ایسی کوئی پریشانی کھڑی کی گئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ جہاں پنڈال وغیرہ لگاکر سال نو کی تقریب منانا چاہتے ہیں وہاں کے لوگ باضابطہ علاقائی بی بی ایم پی دفتر سے رجوع ہوں اور اس کی اجازت لیں، بغیر منظوری کے کوئی بھی تقر یب چلانے نہیں دی جائے گی۔ میئر نے کہاکہ اس بار پولیس کی طرف سے بھی سال نو کے مرحلے میں سخت احتیاطی تدابیر اپنائی گئی ہیں، بی بی ایم پی کی طرف سے بھی پولیس کو اطلاع دی جائے گی کہ کن مقامات پر سال نو کی تقریب کے لئے بی بی ایم پی نے اجازت دی ہے۔ میئر نے بتایاکہ 31 دسمبر کی شام چار بجے سے یکم جنوری کی صبح آٹھ بجے تک شہر کے تمام فلائی اوورس بند رہیں گے۔ حفاظتی انتظامات پر جہاں 19ہزار پولیس جوان تعین کئے جارہے ہیں وہیں صفائی کے لئے بھی بی بی ایم پی کی طرف سے متعدد جوان تعینات کئے جارہے ہیں۔