ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کانگریس کا مطالبہ

ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کانگریس کا مطالبہ

Wed, 10 Feb 2021 12:06:35    S.O. News Service

بنگلورو،10؍فروری (ایس او نیوز) پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی مذمت کرتے ہوئے کانگریس لیڈروں اور ورکرس نے شہر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

شہر کے میسور بینک سرکل پر بنگلورو ساؤتھ اور نارتھ اضلاع کی کانگریس کمیٹیوں کے زیر اہتمام سینکڑوں کانگریس ورکرس نے پٹرول،ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پچھلے ایک ماہ سے مسلسل اضافے پر مرکزی حکومت پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ 7سال قبل مرکز میں جب کانگریس حکومت تھی، اس وقت فی لیٹر پٹرول کی قیمت 66روپئے تھی۔ یہ قیمت بڑھا کر 90روپئے کردی گئی ہے۔ جبکہ فی لیٹر ڈیزل کی قیمت 48روپئے سے بڑھا کر81روپئے ہوگئی ہے۔اس وقت رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت 417روپئے تھی اس کو بڑھا کر700روپئے کردیا گیاہے۔

ورکرس نے کہا کہ مرکزی حکومت عام لوگوں کی پریشانی کی پروا کئے بغیر ہر دن پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے اشیائے ضروری کی قیمتوں میں بھی دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔جس میں غریبوں اور عام لوگو ں کی پریشانیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگزار صدر سلیم احمد نے کہا کہ اگر حکومت نے پٹرول ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں کو کم نہیں کیا تو بشمول ضلع سطح، ریاست بھر میں احتجاجی اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔


Share: