ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اکھلیش اور مایاوتی سے ملاقات کے بعد تیجسوی یادوکابی جے پی پرحملہ، یوپی اور بہار طے کریں گے مرکز میں کس کا ہوگا اقتدار

اکھلیش اور مایاوتی سے ملاقات کے بعد تیجسوی یادوکابی جے پی پرحملہ، یوپی اور بہار طے کریں گے مرکز میں کس کا ہوگا اقتدار

Tue, 15 Jan 2019 01:05:15    S.O. News Service

نئی دہلی ،14 ؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)لوک سبھا انتخابات کو لے کر اتر پردیش میں بہوجن سماج پارٹی اور سماج وادی پارٹی کے اتحاد کے بعد آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے اکھلیش یادو اور مایاوتی سے ملاقات کی۔پیر کو اکھلیش یادو سے ملاقات کے بعد تیجسوی یادو نے کہا کہ یوپی اور بہار میں بی جے پی کا سوپڑا صاف ہو گیا ہے، اب وہ ایک سیٹ بھی نہیں جیت پائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ دو صوبے یوپی اور بہار ہی ہیں جو یہ طے کریں گے کہ مرکز میں کس کی حکومت ہوگی۔تیجسوی یادو نے کہاکہ ملک پر خطرہ منڈلا رہا ہے۔یہ لوگ ناگ پوریا قانون، آر ایس ایس کا ایجنڈا نافذکرنا چاہتے ہیں۔موہن بھاگوت پہلے بھی کام کر رہے تھے کہ ریزرویشن کو ختم کر دینا چاہیے یا پھر اسے اقتصادی بنیاد پر دیا جائے۔یہ آئین کو ختم کرنے جیسا کام ہے۔یہ لوگ اپنا ایجنڈا نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ بی جے پی کا یوپی اور بہار میں خاتمہ ہو چکا ہے۔ضمنی انتخابات میں بھی دیکھنے کو ملا، جہاں وزیر اعلی اور نائب وزیر اعلی بھی اپنی سیٹ نہیں بچا سکے۔اس دوران کانگریس بھی الگ الگ انتخابات لڑی تھی، لیکن اس کے بعد بھی لوگوں کی بڑی حمایت ملی تھی۔آنے والے انتخابات میں بھی یہ اتحاد کام کرے گا اور پورے ملک میں یہ جائے گا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہاکہ اکھلیش جی اور مایاوتی جی نے ناگ پوریا قانون نافذ ہونے سے ملک کو بچانے کی جو کوشش کی ہے، اس کے لئے لوگ انہیں مانیں گے اور مبارک باد دیں گے۔

بی جے پی نے یوپی میں بھی اتحاد کو توڑنے کی کوشش کی۔اب سی بی آئی ایجنسی نہیں رہیں، یہ این ڈی اے کے اتحادی پارٹی جیسی ہو گئی ہیں۔یہ انہیں فائدہ پہنچانے کے لئے کام کر رہی ہیں۔لالو یادو جی سے نریندر مودی خطرہ محسوس کر رہے تھے، اس وجہ ہی لالو جی ابھی جیل میں ہیں۔تیجسوی یادو نے ساتھ ہی کہا کہ بہت سے صحافی اور فنکاروں کو گالیاں دی جا رہی ہیں، انہیں پاکستان جانے کے لیے کہاجارہاہے۔جیسا ملک کا ماحول ہے، اس کو ملک کی عوام دیکھ رہی ہے۔آنے والے وقت میں پتہ لگ جائے گا کہ کون کتنا بے ایمان ہے۔آپ کے چوکیدار نے کتنا بے ایمانی کا کام کیا ہے۔

وہیں اکھلیش یادو نے کہا کہ ہر کوئی بی جے پی کو ہٹانا چاہتا ہے۔اتر پردیش میں اتحاد ہوا ہے، پورے ملک میں خوشی ہے۔دہلی سے لے کر کولکاتہ تک لوگ بی جے پی سے ناراض ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلٹ ٹرین ممبئی ۔احمد آباد چلائی ہے۔ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ دہلی سے لکھنؤ کے درمیان چلے۔اس علاقے کے لوگ ناراض ہیں۔بی جے پی کے لوگ کتنا بھی چاہیں ہم سماجوادی لوگ اپنی زبان نہیں بدلیں گے۔


Share: