ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انکولہ: شہری ہوائی اڈہ منصوبہ سے متاثرین کو اطمینان بخش معاوضہ دیا جائے گا - شیورام ہیبار کی یقین دہانی 

انکولہ: شہری ہوائی اڈہ منصوبہ سے متاثرین کو اطمینان بخش معاوضہ دیا جائے گا - شیورام ہیبار کی یقین دہانی 

Tue, 28 Sep 2021 13:31:21    S.O. News Service

انکولہ ،28؍ ستمبر (ایس او نیوز) انکولہ کے الگیری میں مجوزہ ہوائی اڈہ کی تعمیر سے متاثر ہونے والوں کو ضلع انچارج وزیر شیورام ہیبار نے بھروسہ دلایا ہے کہ معاوضہ اور بازآباد کاری کے تعلق سے وہ لوگ فکرمند نہ ہوں کیونکہ اس مرتبہ یہ کارروائی بحری اڈہ معاملہ کی طرح نہیں بلکہ 2013 کے قانون کے مطابق انجام دی جائے گی ۔

خیال رہے کہ ہوائی اڈہ کے لئے درکار زمین تحویل میں لینے کی راہ میں مقامی لوگوں نے رکاوٹ کھڑی کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ پہلے متاثرین کے لئے ہرجانہ اور بازآبادکاری کی تفصیلات ان کے سامنے رکھی جائیں ۔ اسی پس منظر میں شیورام ہیبار نے انکولہ کے ناڈوار ہال میں مقامی لوگوں سے ان کا حال احوال جاننے کے لئے اجلاس منعقد کیا تھا ۔ 

وزیر موصوف نے حاضرین سے کہا کہ اس منصوبہ سے متاثر ہونے والوں کو کسی بھی قسم کے خوف اور شک و شبہ میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ہم آپ لوگوں کے ساتھ  کھڑے ہیں ۔  بے گھر ہونے والوں کو حکومت کی جانب سے کیا کچھ سہولتیں ملنی چاہیے اسے دلانے کا کام ہم کریں گے ۔ اسی کے لئے ایک خصوصی کمیٹی بھی بنائی گئی ہے ۔ لوگوں کو اعتماد میں لے کر ہی ہم اگلا اقدام کریں گے ۔ کرسی ہمیشہ کے لئے نہیں ہوتی ہے ۔ اس پر بیٹھ کر عوام کے کام آنا ہی ہمارا فرض ہے ۔ اس کے برخلاف عوام کو تکلیف میں ڈالنے والے کام نہیں کر سکتے ۔ آئندہ دنوں میں پھر ایک بار الگیری گرام پہنچ کر عوام سے ملاقات کروں گا اور الجھنیں دور کروں گا ۔ اس ملک کے لئے جو لوگ ایثار کرتے ہیں ان کی زندگیوں کا تحفظ کرنا ہماری اور حکومت کی ذمہ داری ہے ۔

کاروار انکولہ حلقہ کی رکن اسمبلی روپالی نائک نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں خود دو مرتبہ بے گھر ہوچکی ہوں ۔ مجھے پتہ ہے کہ بے گھر ہونے والوں کا درد کیا ہوتا ہے ۔ الگیری تحویل اراضی معاملے میں مسائل کو اس طرح حل کیا جائے گا کہ کسی بھی قیمت پر کسی کے ساتھ بھی ناانصافی نہیں ہوگی ۔ بے گھر ہونے والوں کو عمدہ زمین فراہم کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ معاوضہ کی ادائیگی بھی سابقہ انداز میں نہ ہو، اس بات کی بھی ہدایت افسران کو دی گئی ہے ۔ کاروار دورہ کے وقت مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ  سے گزارش کی گئی ہے کہ الگیری ہوائی اڈہ منصوبہ کے تحت نئی ملازمتوں کا موقع نکلنے پر مقامی افراد کے لئے گنجائش رکھی جائے ۔ میں اپنے حلقہ کے عوام کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑوں گی اور ان کے لئے جو کچھ بھی کرسکتی ہوں وہ کر رہی ہوں ۔  

اس موقع پر ضلع ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن ، ایڈیشنل ڈی سی ایچ کے کرشنا مورتی، ضلع پنچایت سی ای او پریانگا ایس، اے سی راہل پانڈے، پولیس سپرنٹنڈنٹ شیوا پرکاش دیواراجو، تعلقہ میجسٹریٹ اودئے کمبار، تعلقہ پنچایت ای او پی وائی ساونت وغیرہ موجود تھے۔ 


Share: