نئی دہلی، 29/ اگست (ایس او نیوز / ایجنسی) شمالی ہند میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بالخصوص بہار، اترپردیش ، ہماچل پردیش ، اتراکھنڈمیں موسلاد ھار بارش سے معمولات زندگی متاثر ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بہار کے کھگڑیا اور چمپارن سمیت ۲۰؍ اضلاع میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق یکم ستمبر تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب، نیپال میں آنے والے سیلاب کے باعث بہار کے۸؍ اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ گنگا اور گنڈک ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ کوسی اور باگمتی ندیاں بھی طغیانی پر ہیں۔ یہاں۵۰؍ ہزار سے زائد گھر پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ اتراکھنڈ کے۱۱؍ اضلاع میں بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ وہیں جمعرات کو چمولی میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بدری ناتھ ہائی وے کچھ دیر کے لیے متاثر رہا۔ہماچل پردیش میں ایک بار پھر شدید بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات نے۳۱؍ اگست سے۲؍ ستمبر تک مختلف مقامات پر شدید بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ اور شدید بارش کے باعث ریاست میں۷۰؍ سڑکیں بند ہیں۔
دریں اثنا، مانسون کی بارشوں کے باعث اترپردیش میں خصوصاً بندیل کھنڈ خطے میں ندیاں ابل پڑی ہیں۔ مہوبا میں شدید بارش کے باعث مقامی ندی کی سطح اچانک بڑھ گئی، جس سے چھوٹے پل زیر آب آگئے۔ کالی پہاڑی گاؤں کے قریب تیز بہاؤ میں ایک انجینئر بہہ گیا، تاہم مقامی لوگوں نے رسی کی مدد سے اسے بچا لیا۔جھانسی میں۴۸؍ گھنٹے تک ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث سکھنئی ندی اچانک سیلاب کی زد میں آگئی۔ دریں اثنا، جمعہ کی صبح سے لکھنؤ، کانپور، مرادآباد، بارہ بنکی، سیتاپور اور سنبھل سمیت۱۵؍ شہروں میں وقفے وقفے سے بوندا باندی ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج۵۳؍ شہروں کے لیے بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ چندولی، مرزا پور اور سون بھدر میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔دیگر رپورٹ کے مطابق چھتیس گڑھ میں جنوب مغربی مانسون کے فعال ہونے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ہفتہ وار تعطیل کے دوران مغربی ہمالیائی خطے میں بارش کی سرگرمیاں تیز ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات ہند کے ۲۸؍اگست کو جاری کردہ الرٹ کے مطابق ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور جموں کشمیر میں وسیع پیمانے پر بارش کے ایک نئے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں آئندہ۷؍ دنوں کے دوران چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔