ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں کل اتوار کو ہوگی رابطہ تعلیمی ایوارڈ کی تقریب؛ تیاریاں آخری مراحل میں

بھٹکل میں کل اتوار کو ہوگی رابطہ تعلیمی ایوارڈ کی تقریب؛ تیاریاں آخری مراحل میں

Sat, 08 Aug 2026 20:55:00    S O News
بھٹکل میں کل اتوار کو ہوگی رابطہ تعلیمی ایوارڈ کی تقریب؛ تیاریاں آخری مراحل میں

بھٹکل، 8 اگست (ایس او نیوز): رابطہ سوسائٹی کا 34واں رابطہ تعلیمی ایوارڈ اتوار، 9 اگست کو اولڈ بس اسٹینڈ کے قریب واقع اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے وسیع میدان میں منعقد ہوگا۔ تقریب کے لیے تیاریاں جاری ہیں اور اب آخری مراحل میں پہنچ چکی ہیں۔

تقریب میں نئی دہلی سے معروف تعلیمی شخصیت سمیر احمد صدیقی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ انہیں جنرل اسٹڈیز اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کے ماہر کے طور پر جانا جاتا ہے اور وہ سول سروس تربیتی اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔

IMG-20260808-WA0020

رابطہ سوسائٹی کے جنرل سکریٹری منیری عتیق الرحمن نے بتایا کہ سمیر احمد صدیقی ملک بھر کے متعدد مسلم نوجوانوں کو سول سروس امتحانات میں کامیابی کے لیے رہنمائی فراہم کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کا خطاب بھٹکل کے نوجوانوں کے لیے مفید اور حوصلہ افزا ثابت ہوگا۔

رابطہ سوسائٹی کی جانب سے ہر سال بھٹکل کے ذہین اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں گولڈ میڈل سے نوازا جاتا ہے۔ یہ تعلیمی ایوارڈ اب بھٹکل کی ایک نمایاں تعلیمی روایت بن چکا ہے، جس کے ذریعے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی پذیرائی کے ساتھ نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم، مسابقتی امتحانات اور قومی خدمات کی جانب راغب کرنے کی کوشش بھی کی جاتی ہے۔

ایوارڈ کی تقریب دو نشستوں پر مشتمل ہوگی۔ پہلا اجلاس صبح 10 بجے شروع ہوگا، جبکہ دوسرا اجلاس نمازِ عصر کے بعد منعقد ہوگا۔ منتظمین  نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان کی ہمت بڑھانے کے لیے کثیر تعداد میں شرکت کریں اور مہمانِ خصوصی کے خطاب سے بھی مستفید ہوں۔


Share: