منگلورو، 31 جولائی (ایس او نیوز): مسلسل موسلادھار بارش کے بعد منگلورو-موڈبیدری کے درمیان زیرِ تعمیر نیشنل ہائی وے-169 کا ایک حصہ بدھ کے روز منہدم ہوگیا، جس کے بعد متاثرہ مقام پر فوری طور پر بحالی کا کام شروع کر دیا گیا۔ مقامی افراد کا الزام ہے کہ یڈاپڈاوو (Yedapadavu) کے راستے منگلورو سے موڈبیدری جانے والی متبادل سڑک ایک ناقص ریٹیننگ وال اور بند نالے (کلورٹ) کی وجہ سے بیٹھ گئی۔
نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (NHAI) کے منگلورو پروجیکٹ ڈائریکٹر عبداللہ جاوید عظمی نے بتایا کہ متاثرہ مقام سنور۔بیکرنا کٹّے سیکشن میں یڈاپڈاوو گاؤں کے ری الائنمنٹ حصے میں واقع ہے، جہاں ایک وہیکولر اوور پاس (VOP) تعمیر کیا جانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مارچ 2026 میں NHAI نے اس مقام پر موجودہ شاہراہ کی دیکھ بھال کرتے ہوئے ٹریفک جاری رکھنے کے لیے ری الائنمنٹ کا کام شروع کیا تھا۔ اس مقصد کے لیے ترجیحی بنیادوں پر دو لین والی نئی سڑک تعمیر کرکے ٹریفک کو اس پر منتقل کیا گیا تھا۔
عبداللہ جاوید کے مطابق وی او پی کی تعمیر کے لیے تقریباً 11 میٹر اونچا پشتہ (Embankment) تیار کیا گیا تھا۔ شدید بارش کے باعث اس پشتے کا ایک حصہ منہدم ہو کر کلورٹ پر آ گرا، جس سے پانی کی نکاسی متاثر ہوئی اور مٹی بہہ جانے کے نتیجے میں نئی تعمیر شدہ سڑک کا ایک حصہ بھی بیٹھ گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چونکہ اس مقام پر موجودہ قومی شاہراہ فعال تھی، اس لیے حادثے کے فوراً بعد ٹریفک کو دوبارہ پرانی شاہراہ پر منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران متاثرہ حصے پر بحالی اور استحکام کے کام جنگی بنیادوں پر جاری ہیں تاکہ جلد از جلد نئی سڑک کو دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جا سکے۔
ادھر مقامی باشندوں نے الزام لگایا ہے کہ ریٹیننگ وال کی تعمیر اور نکاسیٔ آب کے انتظامات میں خامیاں ہونے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ ان کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کو تعمیراتی معیار کی مکمل جانچ کرنی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔