ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / نوجوانوں کا مستقبل اولین ترجیح، پیپر لیک کیسز کے لیے خصوصی عدالتیں قائم ہوں گی: وزیر اعظم مودی

نوجوانوں کا مستقبل اولین ترجیح، پیپر لیک کیسز کے لیے خصوصی عدالتیں قائم ہوں گی: وزیر اعظم مودی

Thu, 23 Jul 2026 11:34:28    S O News

نئی دہلی، 23/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی)وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کی صبح پیپر لیک کے تمام معاملات کے فوری تصفیے کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ملک کے نوجوانوں کا مفاد اور ان کا مستقبل ہماری اولین ترجیح ہے۔ پیپر لیک کے تمام معاملات میں مجرموں کو جلد سے جلد سخت سزا دینے اور مقدمات کے فوری تصفیے کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کی جائیں گی۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’اس سلسلے میں ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ متعلقہ محکمہ ضروری کارروائی کو یقینی بنائے۔‘‘ انہوں نے اس فیصلے کو طلبہ کے مفاد میں ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’’طلبہ کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے لیے جانے والے فیصلوں کے سلسلے میں یہ ایک اہم قدم ہے۔ نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا۔‘‘

اس سے قبل وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ پیپر لیک کا مسئلہ صرف کسی ایک ریاست یا مرکزی حکومت تک محدود نہیں ہے، بلکہ پورے ملک کی تشویش کا موضوع ہے۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے منگل کو این ڈی اے کے ’منگل ملن‘ پروگرام کے بعد بتایا کہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پیپر لیک جیسے سنگین جرم میں ملوث لوگوں کو سخت سے سخت سزا دلانے کے لیے ملک کے سینئر وکلاء کو بھی آگے آنا چاہیے، تاکہ مستقبل میں ایسا جرم کرنے والوں کے دلوں میں قانون کا خوف پیدا ہو۔

کرن رجیجو کے مطابق وزیر اعظم مودی نے کہا کہ حکومت کی پہلی ترجیح طلبہ کا مستقبل محفوظ رکھنا ہے۔ اسی وجہ سے نیٹ کا دوبارہ امتحان جلد کرایا گیا اور اس کا رزلٹ بھی بغیر کسی تاخیر کے جاری کیا گیا، تاکہ طلبہ کا تعلیمی مستقبل متاثر نہ ہو۔


Share: