ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو میں پاسپورٹ خدمات کی بدحالی؛ دوسرے علاقائی پاسپورٹ دفتر کے قیام کا مطالبہ

منگلورو میں پاسپورٹ خدمات کی بدحالی؛ دوسرے علاقائی پاسپورٹ دفتر کے قیام کا مطالبہ

Wed, 12 Aug 2026 22:42:44    S O News

منگلورو، 12 اگست (ایس او نیوز): منگلورو کے پاسپورٹ سیوا کیندر میں سرور کی خرابی، محدود جگہ، عملے کی کمی اور بنیادی سہولیات کے فقدان کے باعث پاسپورٹ درخواست گزاروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ منگل کو سرور میں خرابی کے سبب خدمات بری طرح متاثر ہوئی تھیں، جس پر مختلف علاقوں سے دستاویزات کے ساتھ پہنچنے والے درخواست گزاروں نے شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے مرکز میں موجود بدانتظامی کو فوری طور پر دور کرنے کا مطالبہ کیا۔

بھٹکل سمیت شیرور، بیندور، کنداپور، اڈپی، شیموگہ، چکمنگلورو، کوڈاگو اور ہاسن سمیت متعدد دور دراز علاقوں سے لوگ پاسپورٹ سے متعلق خدمات حاصل کرنے منگلورو کے اس مرکز پہنچتے ہیں۔ لوگوں نے مطالبہ کیا کہ اگر موجودہ مرکز میں ضروری بنیادی سہولیات فراہم کرنا ممکن نہیں تو پاسپورٹ سیوا کیندر کو کسی دوسری مناسب جگہ منتقل کیا جائے، جہاں ہر طرح کی ضروری سہولیات میسر ہوں۔ یاد رہے کہ منگلورو کا پاسپورٹ سیوا کیندر بنگلورو کے علاقائی پاسپورٹ دفتر کے تحت آتا ہے۔

اس دوران دکشن کنڑا ضلع کانگریس مزدور شعبہ کے صدر لارنس ڈیسوزا نے موجودہ پاسپورٹ سینٹر کی حالتِ زار کو دیکھتے ہوئے منگلورو میں ہی کرناٹک کا دوسرا علاقائی پاسپورٹ دفتر قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ضلع کانگریس دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منگلورو کے پاسپورٹ سیوا کیندر میں روزانہ اوسطاً 600 درخواست گزار پہنچتے ہیں، لیکن عملے کی کمی، محدود جگہ، نشستوں اور دیگر بنیادی سہولیات کے فقدان کے باعث انہیں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تقریباً 2,500 سے 2,800 مربع فٹ رقبے پر قائم مرکز پر روزانہ 600 درخواستوں کا بوجھ ہے، جس کی وجہ سے بزرگوں، خواتین اور بچوں کو بھی پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی شکایت کی کہ مرکز میں موجود زیراکس سہولت پر ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔

لارنس ڈیسوزا نے کہا کہ کرناٹک میں صرف ایک علاقائی پاسپورٹ دفتر ہونے کی وجہ سے پورے نظام پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔ اس لیے منگلورو میں ریاست کا دوسرا علاقائی پاسپورٹ دفتر فوری طور پر قائم کیا جائے اور اس کے لیے اضافی عملہ اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے دکشن کنڑا کے اراکین پارلیمان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے پر توجہ دیتے ہوئے مرکزی حکومت کے سامنے منگلورو میں دوسرے علاقائی پاسپورٹ دفتر کے قیام کا مطالبہ پیش کریں۔ پریس کانفرنس میں کانگریس رہنما شباش چندر، عبدالوہاب، پرکاش سمیت دیگر موجود تھے۔


Share: