بھوپال ، 6/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مدھیہ پردیش کے ساگر ضلع میں زہریلی شراب پینے سے 9 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ 35 دیگر افراد کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق زیر علاج افراد میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے اور انہیں بندیل کھنڈ میڈیکل کالج اور ساگر کے ضلعی اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔ ضلعی کلکٹر پرتیبھا پال نے کہا کہ ’’ اتوار کی صبح سے ہی غیر قانونی شراب کے استعمال سے مبینہ طور پر بیماریوں اور اموات کی خبریں ملی ہیں اور سول اسپتال میں جانچ جاری ہے۔‘‘
پرتیبھا پال نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں میں طبی ٹیمیں اور افسران تعینات کیے گئے ہیں تاکہ ان لوگوں کی جانچ کی جا سکے جنہوں نے شاید شراب پی ہو۔ ان علاقوں میں نورا اور گھوگرو گاؤں شامل ہیں۔ متاثرہ مریضوں کا علاج کر رہے ڈاکٹروں نے سائنوسس یعنی جسم کا نیلا پڑ جانا اور پٹھوں میں اکڑن جیسی علامات کی اطلاع دی ہے۔ ضلعی کلکٹر پرتیبھا پال نے ان تمام لوگوں سے اپیل کی ہے جنہوں نے گزشتہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران کسی بھی قسم کی شراب پی ہو، یا جن میں علامات ظاہر ہو رہی ہوں، وہ فوری طور پر طبی جانچ کرائیں۔
ضلعی کلکٹر نے کہا کہ ’’ہماری ڈاکٹروں کی ٹیم اور ایس ڈی ایم کی ٹیم نورا اور گھوگرو کے نشان زدہ گاؤں سمیت آس پاس کے علاقوں میں اسکریننگ کے لیے موجود ہیں۔ جن لوگوں میں علامات ظاہر ہو رہی ہیں یا جنہوں نے گزشتہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران کسی بھی قسم کی شراب پی ہے، انہیں ڈاکٹر سے جانچ کرانی چاہیے۔‘‘ کلکٹر نے کہا کہ لوگ جانچ کے لیے سول اسپتال یا کسی دیگر صحت مراکز سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں اور انتظامیہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ احتیاطی اقدام کے طور پر علاقے کی شراب کی 6 دکانوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور افسران کو مشتبہ شراب کے نمونے جمع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ کے مطابق ساگر کے کمشنر، انسپکٹر جنرل، کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سمیت سینئر افسران نے نورا اور گھوگرو خورد گاؤں کا دورہ کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور زیر علاج افراد کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ پولیس نے مشتبہ زہریلی شراب کے ماخذ کا پتہ لگانے اور اس کی سپلائی میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ غیر قانونی شراب کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے احکامات دیے گئے ہیں۔ پولیس افسر نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی اموات کی صحیح وجہ کا پتہ چل سکے گا۔ اس دوران ساگر ضلعی انتظامیہ نے شراب پینے کے بعد الٹی، سر درد یا بخار جیسی علامات محسوس کرنے والے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر قریبی صحت مرکز جائیں۔