ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مہوا موئترا نے اسپیکر اوم برلا سے کی اپیل، خاتون ارکان پارلیمنٹ کی سلامتی و وقار کے تحفظ کا مطالبہ

مہوا موئترا نے اسپیکر اوم برلا سے کی اپیل، خاتون ارکان پارلیمنٹ کی سلامتی و وقار کے تحفظ کا مطالبہ

Sun, 16 Aug 2026 11:23:35    S O News

کولکاتہ ، 16/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی )ترنمول کانگریس پارٹی کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو خط لکھ کر خواتین اراکین پارلیمنٹ کے وقار اور سلامتی کے تحفظ کے لئے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ یہ مطالبہ اس واقعے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جب کرشنا نگر لوک سبھا حلقے میں واقع سرکٹ ہاؤس کے ایک کمرے کو خالی کرنے کیلئے انہیں رات گئے نوٹس جاری کیاگیا تھا ۔ مہواموئترا نے الزام عائد کیا کہ مغربی بنگال کے نادیہ ضلع انتظامیہ نے ابتدائی طور پر سرکاری سرکٹ ہاؤس میں ان کی رہائش مختص کرنے کے باوجود جمعہ کی رات انہیں وہاں سے نکل جانے کا حکم دے دیا۔ ان کے مطابق جب انہوں نے کمرہ خالی کرنے سے انکار کیا تو سرکٹ ہاؤس کے باہر ایک ہجوم ہوگیا اور ’’جے شری رام‘‘ سمیت دیگر اشتعال انگیز نعرے لگانے لگا۔ اس تعلق سے مہوا نے ویڈیو بھی پوسٹ کیا ہے۔

مہوا موئترا کے مطابق وہ شام تقریباً ۶؍ بجے سرکٹ ہاؤس پہنچی تھیں جبکہ رات پونے ۱۰؍ بجے نادیہ ضلع کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے انہیں فون کرکے سرکٹ ہائوس خالی کرنے کو کہا۔ اس کے بعد رات ۱۱؍ بجے انہیں واٹس ایپ کے ذریعے ایک حکم نامہ موصول ہوا، جس میں کہا گیا تھا کہ ’’سالانہ صفائی‘‘ کی وجہ سے انہیں کمرہ خالی کرنا ہو گا۔ لوک سبھا اسپیکر کو بھیجے گئے خط میں موئترا نے کہا کہ ایک خاتون رکن پارلیمنٹ کو جو تنہا قیام پذیر ہو، رات گئے اس کی مختص رہائش گاہ خالی کرنے کیلئے کہنا اس کے حقوق اور سلامتی سے متعلق سنگین سوالات پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے اسپیکر سے اس معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ اپوزیشن کے دیگر اراکین نے مہوا کے مطالبہ کی حمایت کی ہے۔ 


Share: