ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: 2027 کی مردم شماری کا کام مقررہ مدت میں مکمل کریں، ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا کی افسران کو ہدایت

کاروار: 2027 کی مردم شماری کا کام مقررہ مدت میں مکمل کریں، ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا کی افسران کو ہدایت

Tue, 03 Nov 2026 18:49:50    S O News
کاروار: 2027 کی مردم شماری کا کام مقررہ مدت میں مکمل کریں، ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا کی افسران کو ہدایت

کاروار، 3 /نومبر (ایس او نیوز) 2027 کی مردم شماری کے دوسرے مرحلے کا شیڈول جاری ہونے کے بعد ضلع ڈپٹی کمشنر  لکشمی پریا نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ مقررہ شیڈول کے مطابق مردم شماری کا کام مقررہ مدت میں مکمل کریں اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہونے دیں۔

وہ منگل کو ڈپٹی کمشنر دفتر کے کانفرنس ہال میں ضلع کے شہری اور دیہی علاقوں کے چارج افسران کے لیے منعقدہ تربیتی پروگرام سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ مردم شماری کے تحت گھر گھر جاکر معلومات جمع کرنے کا کام 25 جنوری 2027 سے شروع ہوگا۔ اس سے قبل عوام کو خود اپنی معلومات درج کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس کے لیے 10 جنوری سے 24 جنوری تک 15 دن کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ اس دوران عوام اپنے خاندان اور رہائش سے متعلق تفصیلات خود آن لائن درج کرسکیں گے۔ اس کے بعد 25 جنوری سے 28 فروری تک مردم شماری کے اہلکار گھروں کا دورہ کرکے ضروری معلومات جمع کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مردم شماری کے اعداد و شمار کو درست اور مکمل طور پر درج کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس لیے تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے پوری احتیاط اور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا، متعلقہ افسران اور تربیت کار موجود تھے۔


Share: