ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مسلمانوں کو متحد کرنے کے عزم کے ساتھ کرناٹکا راجیہ مسلم اکوٹا کے کمٹہ اور سرسی میں خصوصی اجلاس

مسلمانوں کو متحد کرنے کے عزم کے ساتھ کرناٹکا راجیہ مسلم اکوٹا کے کمٹہ اور سرسی میں خصوصی اجلاس

Mon, 27 Jul 2026 22:27:44    S O News
مسلمانوں کو متحد کرنے کے عزم کے ساتھ کرناٹکا راجیہ مسلم اکوٹا کے کمٹہ اور سرسی میں خصوصی اجلاس

بھٹکل 27/جولائی (ایس او نیوز): ریاست کرناٹک کے مسلمانوں کو متحدہ پلیٹ فارم پر منظم کرنے اور حکومت پر مسلمانوں سے کیے گئے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے لیے دباؤ بڑھانے کے مقصد سے قائم کی گئی کرناٹکا راجیہ مسلم اکوٹا (کے آر ایم او) کے زیر اہتمام ضلع اتر کنڑا کے کمٹہ اور سرسی میں پیر کے روز خصوصی اجلاس منعقد ہوئے۔

صبح کے وقت کمٹہ اور نمازِ عصر کے بعد سرسی میں منعقدہ اجلاسوں میں ضلع کے مختلف تعلقوں سے تعلق رکھنے والے مسلم اداروں اور تنظیموں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ منتظمین کے مطابق اجلاسوں کا مقصد ضلع بھر کی مسلم تنظیموں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد کرنا اور اکوٹا کے تنظیمی ڈھانچے کو ریاست بھر میں مضبوط بنانا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اڈپی سے تعلق رکھنے والے اکوٹا کے ریاستی کنوینر یاسین ملپے نے کہا کہ کانگریس نے اقتدار میں آنے سے قبل مسلمانوں سے دس اہم وعدے کیے تھے اور انہی وعدوں کی بنیاد پر ریاست کے مسلمانوں نے متحد ہوکر پارٹی کی حمایت کی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت کو اقتدار میں آئے تین سال گزرنے کے باوجود ان وعدوں میں سے صرف ایک، یعنی بی جے پی دور کے حجاب حکم نامے کی واپسی، پر عمل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر وعدے اب بھی تشنۂ تکمیل ہیں۔

یاسین ملپے نے بتایا کہ اکوٹا ریاست بھر میں اپنی تنظیمی سرگرمیوں کو وسعت دے رہی ہے اور میسور، بنگلورو، ہبلی سمیت مختلف شہروں میں اجلاس منعقد کرنے کے بعد ضلعی کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملک بھر میں مساجد، مدارس اور یہاں تک کہ مسلم یونیورسٹیوں کو مختلف نوعیت کے مسائل کا سامنا ہے، جس کے پیش نظر مسلمانوں کے لیے ایک متحد پلیٹ فارم ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اکوٹا کے ایک وفد نے ریاست کے مسلم وزراء اور ارکانِ اسمبلی سے ملاقات کرکے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے لیے پارٹی قیادت پر دباؤ ڈالنے کی اپیل کی تھی، تاہم ان کے بقول جب یہ معاملہ کانگریس ہائی کمان کے سامنے اٹھایا گیا تو ان نمائندوں کو بھی نظرانداز کر دیا گیا۔

اس موقع پر اکوٹا کے ریجنل کنوینر عبدالرفیع کدرولی نے کانگریس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پارٹی نے مسلمانوں کو محض ووٹ بینک سمجھا اور انتخابی وعدوں کی اکثریت پوری کرنے کا دعویٰ کرنے کے باوجود مسلم برادری سے کیے گئے بیشتر وعدوں کو پورا نہیں کیا۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں اور اپنے آئینی و جمہوری حقوق کے حصول کے لیے اجتماعی جدوجہد کریں۔

اجلاس میں ضلع اتر کنڑا کے کنوینر عنایت اللہ شاہ بندری، عبدالمناف مرجانکر، عبدالعزیز ندوی، قمر سدا اور ضلع بھر کی مختلف مسلم تنظیموں کے عہدیداران اور نمائندوں نے شرکت کی۔


Share: