کمٹہ، 22 جولائی (ایس او نیوز): کرناٹک کے وزیر صحت و خاندانی بہبود یو ٹی قادر نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت سڑک حادثات کے متاثرین کو اسپتال میں داخلے کے بعد ابتدائی سات دن تک ڈھائی لاکھ روپے تک مفت علاج فراہم کرنے کی ایک نئی اسکیم نافذ کرنے پر غور کر رہی ہے۔ مجوزہ اسکیم کے تحت یہ سہولت صرف کرناٹک کے شہریوں تک محدود نہیں ہوگی بلکہ ریاست میں حادثے کا شکار ہونے والے ملک کے کسی بھی حصے یا بیرونِ ملک کے شہری بھی اس سے مستفید ہو سکیں گے۔
کمٹہ کے سرکاری اسپتال میں ضلع انتظامیہ، ضلع پنچایت، محکمہ صحت اور بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ (BEL) کے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) فنڈ سے قائم کیے گئے ٹراما کیئر سینٹر اور ایمرجنسی یونٹ کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ اکثر لوگ اس خدشے کے باعث حادثہ زدہ افراد کو اسپتال منتقل کرنے سے ہچکچاتے ہیں کہ علاج کے اخراجات کون برداشت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے حکومت ایسی اسکیم پر غور کر رہی ہے جس کے تحت متاثرہ شخص کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال میں داخلے کے بعد ابتدائی سات دن تک ڈھائی لاکھ روپے تک کا علاج مفت کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس تجویز پر وزیراعلیٰ کے ساتھ بھی تبادلۂ خیال کیا جا چکا ہے۔
یو ٹی قادر نے کہا کہ ریاست میں ایمرجنسی طبی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نئی ایمبولینس پالیسی تیار کی جا رہی ہے، جس کے تحت ایمرجنسی کال موصول ہونے کے 15 منٹ کے اندر ایمبولینس کو جائے حادثہ تک پہنچانا لازمی ہوگا۔ اگر مقررہ وقت میں ایمبولینس نہ پہنچے تو متعلقہ ایمبولینس آپریٹنگ کمپنی پر 3 ہزار سے 5 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کرنے کے لیے قانون بنایا جائے گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اسکولوں میں جنک فوڈ کی فروخت روکنے کے لیے فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت سخت ضابطے نافذ کیے جائیں گے۔ غذائی اشیاء کے معیار کی جانچ کے لیے جدید ہائی ٹیک لیبارٹری قائم کی جائے گی، جبکہ ملاوٹ یا ناقص خوراک فروخت کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزیر صحت نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دل کے امراض، کینسر اور گردوں کی بیماریوں جیسے غیر متعدی امراض میں اضافہ تشویش کا باعث ہے، اس لیے صحت مند طرزِ زندگی اختیار کرنے اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنا بھی معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست کے تمام تعلقہ اسپتالوں میں ڈاکٹروں، نرسوں، فارماسسٹوں اور لیب ٹیکنیشنوں کی خالی اسامیوں کو مستقل اور کنٹریکٹ بنیادوں پر جلد پُر کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
وزیر صحت نے کہا کہ کمٹہ میں قائم کیا گیا ٹراما کیئر سینٹر ریاستی محکمہ صحت کا تیسرا ایسا مرکز ہے اور قومی شاہراہ کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے حادثات اور دیگر ہنگامی حالات میں قیمتی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس مرکز کے لیے مزید طبی آلات اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے جلد اضافی فنڈ جاری کرنے کا یقین دلایا، جبکہ منگلورو کے اے جے اسپتال اور سری نواس اسپتال سے اس مرکز کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی اپیل کرنے کی بھی بات کہی۔
انہوں نے چونکہ کمٹہ سرکاری اسپتال قومی شاہراہ کے قریب واقع ہے، اس لیے اسپتال میں جدید مردہ خانہ (مارچری) تعمیر کرنے کی بھی ہدایت دی، جہاں لواحقین کے لیے بیٹھنے کی جگہ، پنکھے، روشنی، پولیس پنچنامہ کمرہ، ڈاکٹروں کا کمرہ اور فریزر جیسی سہولتیں موجود ہوں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر وزیر صحت نے کہا کہ ان کا مقصد صرف نئے اسپتال تعمیر کرنا نہیں بلکہ ایسا صحت مند ماحول پیدا کرنا ہے کہ لوگوں کو اسپتال جانے کی ضرورت ہی کم سے کم پیش آئے۔