ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں موسلادھار بارش، شموگہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک، ہاسن میں ریل سروس متاثر

کرناٹک میں موسلادھار بارش، شموگہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک، ہاسن میں ریل سروس متاثر

Sun, 02 Aug 2026 15:15:43    S O News
کرناٹک میں موسلادھار بارش، شموگہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک، ہاسن میں ریل سروس متاثر

بھٹکل 2/اگست (ایس او نیوز): کرناٹک میں مسلسل بارش نے اتوار کو تباہ کن صورت اختیار کر لی۔ شموگہ ضلع کے تیرتہلی میں رات تقریباً 2:30 بجے لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں پہاڑی کا ایک حصہ ایک شیڈ پر آ گرا، جس سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں تین سالہ بچہ بھی شامل ہے، جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا۔

اطلاعات کے مطابق مرنے والوں میں مَلّیکارْجُن، ان کی اہلیہ ناگَوینی اور بیٹا سنْتوش شامل ہیں۔ یہ خاندان کوپل ضلع کے گنگاوتی تحصیل کے کوکّرے گاڑو گاؤں سے تعلق رکھتا تھا۔ حادثے کے بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب ہاسن ضلع کے سکلیشپور میں یڈاکومیری اور شریباگیلو کے درمیان ریلوے ٹریک پر مٹی اور پتھر گرنے سے ریل آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی۔ اس سبب بنگلورو کو منگلورو، مرڈیشور، کاروار، کوژیکوڈ اور وجئے پورہ سے جوڑنے والی متعدد ٹرینیں معطل یا جزوی طور پر روکی گئیں۔

ساحلی کرناٹک کے دکشن کنڑا، اُڈپی اور اترا کنڑا اضلاع میں بھی گزشتہ تین سے چار روز سے موسلادھار بارش جاری ہے، جس کے نتیجے میں کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ متعدد مقامات پر ندی نالے طغیانی پر ہیں اور دیہی سڑکوں پر پانی بھرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ کُکّے سبرامنیا میں کمارادھارا ندی کی سطح خطرناک حد تک بڑھنے کے بعد احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شموگہ کے اگمبے میں تقریباً 197 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ گونیکوپل، برہماور، بالے ہونّور اور سرسی بھی شدید بارش سے متاثر ہوئے۔ مسلسل بارش کے باعث کابنی، تونگا، بھدرا اور شراوتی سمیت کئی ندیوں اور آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ بعض نشیبی پل بھی زیر آب آ گئے ہیں۔


Share: