مینگلور، 11 اگست (ایس او نیوز) قریبی تعلقہ موڈبیدری کے مِجار میں ایک کرائے کے مکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
یہ واقعہ منگل کی صبح تقریباً 6:30 بجے پیش آیا۔ دھماکے کے وقت مکان میں موجود ایک پرائیویٹ کالج کے واچ مین شیو رام (31)، ان کی اہلیہ گنگا (25) اور چھ سالہ بیٹا آدرش جھلس گئے۔
بتایا گیا ہے کہ شیو رام کو شدید نوعیت کے جھلسنے کے زخم آئے ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ اور بیٹے کو بھی جسم پر جلے ہوئے زخم آئے ہیں۔ تینوں زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا، تاہم سلنڈر پھٹنے کی اصل وجہ فوری طور پر واضح نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس اور متعلقہ حکام کی جانب سے واقعے کی چھان بین جاری ہے۔