بھٹکل، 21 /جولائی(ایس او نیوز ) احتیاطی قلبی نگہداشت (Preventive Cardiac Care) کو فروغ دینے کے مقصد سے انڈین نوائط فورم (INF) کی جانب سے بھٹکل میں دو روزہ "ون ہارٹ، ون لائف" مفت میگا ہارٹ چیک اپ کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں ایک ہی مقام پر ملک کے ممتاز ماہرینِ امراضِ قلب اور جدید تشخیصی سہولیات فراہم کی گئیں۔ کیمپ میں غیر معمولی عوامی دلچسپی دیکھنے میں آئی اور 1,200 سے زائد افراد نے دل کے مختلف معائنے کروائے۔
کیمپ میں معائنہ کرنے والے ڈاکٹروں کے مطابق، اسکریننگ کے دوران تقریباً 60 فیصد افراد، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، میں کولیسٹرول کی سطح معمول سے زیادہ پائی گئی۔ ماہرین نے اسے بدلتے طرزِ زندگی اور غیرصحت مند غذائی عادات کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے دل کی صحت کے بارے میں زیادہ بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

کوزیکوڈ (کالی کٹ) سے خصوصی طورپرکیمپ میں شریک ہونے والے ملک کے معروف ماہرِامراضِ قلب ڈاکٹرعلی فیضل نے ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بھٹکل کے عوام کو اپنی غذائی عادات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا، "بھٹکل ایک خوشحال شہر ہے لیکن یہاں بہت سے لوگ کولیسٹرول سے بھرپورغذائیں استعمال کرتے ہیں، اس لیے صحت مند خوراک کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ضروری ہے۔" ڈاکٹر علی فیضل نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگرچہ بھٹکل میں کئی اسپتال موجود ہیں، لیکن شہر کو فوری طور پر ایک کارڈیک ایمرجنسی سینٹر کی ضرورت ہے، جہاں دل کے مریضوں کو ہنگامی بنیادوں پر فوری علاج فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہارٹ اٹیک یا دیگر قلبی ایمرجنسی کے مریضوں کو منگلورو یا کوزیکوڈ منتقل کرنا پڑتا ہے، جس کے باعث علاج کے لیے انتہائی اہم "گولڈن وقت" ضائع ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مقامی مخیر حضرات اور سماجی تنظیموں، خصوصاً INF اور رابطہ سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ ایسے مرکز کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔
کیمپ سے قبل INF نے 1,000 سے زائد افراد کے مفت خون کے ٹیسٹ کرائے تھے۔ ان رپورٹس کی بنیاد پر پہلے دن تقریباً 700 افراد کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، جن میں سے 70 افراد کو مزید تشخیص کے لیے دوسرے دن ماہرینِ امراضِ قلب کے پاس بھیجا گیا۔
کیمپ کے کنوینر غفران لنکا نے بتایا کہ تفصیلی معائنے کے بعد بعض مریضوں کو ادویات تجویز کی گئیں، جبکہ دیگر کو غذا اور طرزِ زندگی میں بہتری لانے کا مشورہ دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دوسرے دن 500 سے زائد افراد کے دل کے معائنے کیے گئے، جس کے ساتھ دونوں دنوں میں مستفید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1,200 سے تجاوز کر گئی۔

INF کے صدر آفتاب حسین کولا نے کیمپ کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا ایسا کیمپ ہے جہاں جدید مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے ماہر ڈاکٹروں اور معروف کارڈیالوجسٹ کی خدمات ایک ہی مقام پر فراہم کی گئیں، جس سے عوام کو معیاری اور جامع طبی سہولت میسر آئی۔
INF کے جنرل سیکریٹری عادل نگرمٹ نے کہا کہ عوامی ردِعمل توقعات سے کہیں زیادہ رہا اورکیمپ کے تمام رجسٹریشن سلاٹس اعلان کے صرف دو سے تین دن کے اندر بھرگئے، جو احتیاطی صحت کے بارے میں عوام میں بڑھتی ہوئی بیداری کا ثبوت ہے۔
کیمپ میں انڈیانا ہاسپٹل، منگلورو کے منیجنگ ڈائریکٹر اورسینئرکارڈیالوجسٹ ڈاکٹر یوسف کُمبلے اپنی طبی ٹیم کے ساتھ شریک ہوئے۔ ان کے علاوہ مائی ہارٹ سینٹر، کوزیکوڈ کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر علی فیضل اور آسٹر مِیمس، کوزیکوڈ کے شعبۂ امراضِ قلب کے سربراہ ڈاکٹر سلمان صلاح الدین نے بھی اپنی میڈیکل ٹیم کے ساتھ مریضوں کا معائنہ کیا اوربھٹکل میں قلبی صحت کی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے منتظمین کو تجاویز پیش کیں۔
یہ دو روزہ ہارٹ چیک اپ کیمپ ایم۔ ایم۔ صدیق ہال، بندر روڈ تھرڈ کراس، بھٹکل میں منعقد ہوا، جسے کامیاب بنانے میں INF کے عہدیداران، ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان اور رضاکاروں نے فعال کردارادا کیا۔